اے ایم یو کے ہادی حسن ہال میں سالانہ تقریب کا اہتمام
اے ایم یو کے ہادی حسن ہال میں سالانہ تقریب کا اہتمام علی گڑھ، 26 مئی (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ہادی حسن ہال میں سالانہ ہال تقریب نہایت جوش و خروش کے ساتھ منعقد کی گئی۔ تقریب میں ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر اطہر انصاری نے بطور مہمانِ خصوصی
ہادی


اے ایم یو کے ہادی حسن ہال میں سالانہ تقریب کا اہتمام

علی گڑھ، 26 مئی (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ہادی حسن ہال میں سالانہ ہال تقریب نہایت جوش و خروش کے ساتھ منعقد کی گئی۔ تقریب میں ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر اطہر انصاری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ایس پی سٹی، علی گڑھ، آدتیہ بنسل نے مہمان ذی وقار کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے تقریب کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مہمانانِ اعزازی میں ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن پروفیسر محمد خالد، جے این میڈیکل کالج و اسپتال کے پرنسپل و چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر انجم پرویز اور پروفیسر سفیان ظہیر، ڈائرکٹر پیتھالوجی، وی ایم ایم سی و صفدرجنگ اسپتال، نئی دہلی شامل تھے۔

اپنے خطاب میں پروفیسر اطہر انصاری نے ہال کے علمی و ثقافتی ماحول کی ستائش کرتے ہوئے طلبہ کو یونیورسٹی کی روایات اور اقدار کو برقرار رکھنے اور اعلیٰ کارکردگی کے لیے کوشاں رہنے کی تلقین کی۔ پروفیسر محمد خالد، پروفیسر انجم پرویز اور پروفیسر سفیان ظہیر نے اپنے زمانۂ طالب علمی کی یادیں تازہ کیں اور اپنے تجربات کی روشنی میں طلبہ کی رہنمائی کی۔ اس سے قبل مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے پرووسٹ پروفیسر عادل رضا نے طلبہ کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی، علمی تبادلہ خیال اور باہمی رفاقت کی اہمیت پر زور دیا۔

پروگرام کے دوران مختلف کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو اعزازات سے نوازا گیا۔ محمد مونس کو پاور لفٹنگ میں متعدد طلائی تمغوں اور ‘‘مسٹر پاور لفٹر آف ہادی حسن ہال’’ کے خطاب سے سرفراز کیا گیا۔ دیگر طلبہ میں فیضان اختر (ٹیبل ٹینس)، سید مصدق (ایتھلیٹکس)، محمد امان (بیڈمنٹن) اور ٹیم حماد (ٹریژر ہنٹ مقابلہ) کو اعزازات سے سرفراز کیا گیا۔ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرنے والی پوسٹ گریجویٹ ٹیم ، فٹ بال ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرنیو الے 2022 بیچ اور انٹر ہال کرکٹ ٹورنامنٹ میں بہترین فیلڈر ڈاکٹر التمش احمد کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

سینئر ہال ڈاکٹر التمش احمد نے ہال کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ ان کے ساتھ ڈاکٹر محمد یزدانی، ڈپٹی سینئر ہال، اور ڈاکٹر محمد سعد، سینئر فوڈ کے تعاون کو سراہا گیا۔ اس موقع پر وارڈن پروفیسر جسیم، ڈاکٹر مراد، ڈاکٹر پنکج، ڈاکٹر عرفان، ڈاکٹر شارق، ڈاکٹر عبد الرحمن، ڈاکٹر اشتیاق اور ڈاکٹر عاطف موجود تھے۔

پروگرام کی نظامت شاہان عثمانی اور حمزہ خاں نے کی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande