اے ایم یو میں ماحولیاتی بیداری اور شجرکاری مہم کا انعقاد
اے ایم یو میں ماحولیاتی بیداری اور شجرکاری مہم کا انعقاد علی گڑھ، 26 مئی (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی نیشنل سروس اسکیم (این ایس ایس) اکائی اور کلچرل ایجوکیشن سینٹر (سی ای سی) کے اشتراک سے حکومت ہند کی مشن لائف مہم کے تحت عالمی یومِ ماحولیات کے
ماحولیات


اے ایم یو میں ماحولیاتی بیداری اور شجرکاری مہم کا انعقاد

علی گڑھ، 26 مئی (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی نیشنل سروس اسکیم (این ایس ایس) اکائی اور کلچرل ایجوکیشن سینٹر (سی ای سی) کے اشتراک سے حکومت ہند کی مشن لائف مہم کے تحت عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر ایک خصوصی ماحولیاتی بیداری و شجرکاری پروگرام منعقد کیا گیا۔ سی ای سی کیمپس میں منعقدہ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو ماحولیاتی تحفظ اور صاف و سرسبز ماحول کی اہمیت کے تعلق سے بیدار کرنا تھا۔

یہ پروگرام سی ای سی کے کوآرڈینیٹر پروفیسر محمد رضوان خاں کی نگرانی میں منعقد ہوا، جس میں این ایس ایس کے ذمہ داران بشمول مسٹر محمد عمران خاں، ڈاکٹر منصور عالم صدیقی، ڈاکٹر عبدالجبار، ڈاکٹر فوزیہ فریدی اور ڈاکٹر ناہید اکبری نے تعاون کیا۔ حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر منصور عالم صدیقی نے اس بات پر زور دیا کہ ماحولیاتی تحفظ محض ایک روزہ مہم نہیں بلکہ ایک مسلسل سماجی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری اور ماحولیات کے تحفظ سے متعلق سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

اساتذہ، افسران، این ایس ایس رضاکاروں اور طلبہ نے شجرکاری مہم اور بیداری سرگرمیوں میں جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے ‘‘سبز سوچئے، سبز عمل کیجئے، سبز زندگی اپنائیے’’ کے پیغام کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ کا عہد کیا ۔پروگرام میں دیوان تسخیر خاں، عبدالشکیل، محمد عمران اور دیگر افراد موجود تھے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande