
حیدرآباد، 26 مئی (ہ س)۔
ٹی آر ایس کی صدر کلواکنتلا کویتا نے منگل کو لوک بھون میں ریاستی گورنر شیوا پرتاپ شکلا سے ملاقات کرکے ویلوگومٹلا میں مکانات منہدم کیے جانے، ٹرپل آر پروجیکٹ سے بے دخل ہونے والے خاندانوں اور پرگی منڈل کے کڈلاپور میں مجوزہ صنعتی پارک کے لیے زمین کے حصول سے متعلق مسائل اٹھائے۔ اس موقع پر ان منصوبوں سے متاثرہ افراد کا ایک وفد بھی ان کے ہمراہ موجود تھا۔بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت والی کانگریس حکومت ’ظالمانہ‘ انداز میں کام کر رہی ہے اور غریب خاندانوں و کسانوں کے خدشات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفد نے ویلوگومٹلا میں مکانات کی مسماری، ٹرپل آر منصوبے کے راستے میں بار بار تبدیلی، رائیگیری میں زمین کے حصول اور کڈلاپور میں صنعتی پارک کے لیے زمین چھیننے کی کوششوں کے خلاف گورنر کو یادداشت پیش کی ہے۔ کے کویتا نے دعویٰ کیا کہ ٹی آر ایس اور دھرم سماج پارٹی کی تحریکوں کے باعث حکومت ویلوگومٹلا کے متاثرین کو اسی مقام پر زمین فراہم کرنے پر آمادہ ہوگئی ہے، جبکہ پرگی صنعتی پارک اور ٹرپل آر منصوبے کے لیے زمین کے حصول کے عمل کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گورنر نے مثبت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے انصاف کو یقینی بنانے کے لیے حکومت سے رپورٹ طلب کرنے کا یقین دلایا ہے۔ ٹی آر ایس لیڈر نے یہ الزام بھی لگایا کہ ٹرپل آر منصوبے کے راستے میں چار مرتبہ تبدیلی کی جاچکی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر متاثرین کو انصاف نہ ملا تو آئندہ مزید بڑے پیمانے پر احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔ہندوستھان
سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق