بھساول ریلوے اسٹیشن پر بڑی کارروائی، کیرالہ کے ہائی پروفائل موبائل چوری معاملے کا پردہ فاش
۔ 18 لاکھ روپے کے موبائل فون برآمد، بہار کے چار عادی مجرم گرفتار
Crime Bhusawal Kerala Mobile Theft


جلگاؤں، 26 مئی (ہ س) بھساول ریلوے اسٹیشن پر ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) نے بڑی اور جرأت مندانہ کارروائی کرتے ہوئے کیرالہ کے ہائی پروفائل موبائل چوری معاملے کا پردہ فاش کر دیا۔ منگلا ایکسپریس سے تقریباً 18 لاکھ روپے مالیت کے موبائل فون اور نقد رقم کے ساتھ بہار کے چار عادی مجرموں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

گرفتار ملزمان کی شناخت راہل جیسوال، محمد نسیم انصاری، روی کمار ساہنی اور رادھے شیام یادو کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ تمام بہار کے رہائشی ہیں اور فی الحال گروگرام، دہلی میں مقیم تھے۔ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران ملزمان نے کیرالہ کے کَنّور میں واقع ایک موبائل دکان میں چوری کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ برآمد شدہ سامان میں 37 نئے موبائل فون اور نقد رقم شامل ہے، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 18 لاکھ 25 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق کیرالہ کے کَنّور ضلع کے دیہی پولیس سپرنٹنڈنٹ انوج نے بھساول ڈویژن کنٹرول روم کو اطلاع دی تھی کہ موبائل چوری معاملے کے چار مشتبہ ملزمان منگلا ایکسپریس (ٹرین نمبر 12617) کے ذریعے سفر کر رہے ہیں۔ اس اطلاع کے بعد سینئر ڈویژنل سکیورٹی کمشنر چتریش جوشی کی ہدایت پر ریلوے سکیورٹی فورس کو الرٹ کیا گیا۔

منگلا ایکسپریس کے بھساول پہنچتے ہی تمام کوچز کی سختی سے تلاشی لی گئی۔ اسی دوران جنرل کوچ میں چار مشتبہ افراد پائے گئے، جن کی تصاویر کے ذریعے شناخت کی گئی اور فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔ تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے نئے موبائل فون اور نقد رقم برآمد ہوئی۔اس کارروائی میں سب انسپکٹر سوداما یادو، شیام یادو، سی بی آئی بھساول کے کانسٹیبل کپل کمار، عمران خان، مہندر کشواہا، یوگیندر وانکھیڈے، ونود کمار اور ایس ایس مینا سمیت دیگر اہلکار شامل تھے۔گرفتار چاروں ملزمان اس وقت بھساول ریلوے پروٹیکشن فورس کی تحویل میں تھے، بعد ازاں انہیں مزید کارروائی کے لیے کَنّور پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande