
علی گڑھ، 26 مئی (ہ س)۔
علی گڑھ کے تھانہ اکرآباد علاقے کے پنیٹھی ہائی وے پر پیر کی صبح پیش آئے سڑک حادثہ میں تین افراد کی موت ہو گئی جبکہ تین دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ دو ٹرکوں کی آپسی ٹکر کے سبب پیش آیا۔ پولیس نے معاملہ درج کرتے ہوئے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
اس سلسلے میں حلقہ افسر برلہ گروت سنگھ نے بتایا کہ آج مورخہ 26 مئی کو صبح پنیٹھی ہائی وے پر دو ٹرک آپس میں ٹکرا گئے۔ حادثہ کے وقت ایک ٹرک میں ڈرائیور کے ساتھ اس کے اہل خانہ بھی سوار تھے۔ حادثہ کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں علاج کے دوران تین افراد کی موت ہو گئی، جبکہ تین دیگر افراد شدید زخمی ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔
حلقہ افسر برلہ گروت سنگھ کے مطابق ابتدائی جانچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پیچھے چل رہے ٹرک کے ڈرائیور کو ممکنہ طور پر نیند آ جانے کے باعث وہ سامنے چل رہے ٹرک سے جا ٹکرایا، جس کے نتیجے میں یہ المناک حادثہ پیش آیا۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوراً موقع پر پہنچ گئی اور راحت و بچاؤ کا کام شروع کیا گیا۔ پولیس نے موقع پر صورتحال کو قابو میں رکھا اور ٹریفک کو بھی بحال کرا دیا۔
سی او برلہ نے بتایا کہ اس وقت موقع پر حالات معمول کے مطابق اور پُرامن ہیں، جبکہ پولیس کی جانب سے ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور واقعہ کی مزید جانچ کی جا رہی ہے۔
حادثہ کے بعد متاثرہ خاندان میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ علاقے میں بھی افسوس کا ماحول پایا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ