عید الاضحیٰ قربانی، اطاعت، صفائی اور سماجی ذمہ داری کا پیغام ہے: جمعیۃ علماء ضلع علی گڑھ
علی گڑھ, 26 مئی (ہ س)عید الاضحیٰ کے مبارک موقع پر جمعیۃ علماء ضلع علی گڑھ کے ذمہ داران نے ضلع کے عوام خصوصاً مسلمانوں کے نام اہم پیغام جاری کرتے ہوئے قربانی کو سنت اور شریعت کے مطابق ادا کرنے، صفائی ستھرائی برقرار رکھنے، سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے
جمیعت ذمہ داران علی گڑھ


علی گڑھ, 26 مئی (ہ س)عید الاضحیٰ کے مبارک موقع پر جمعیۃ علماء ضلع علی گڑھ کے ذمہ داران نے ضلع کے عوام خصوصاً مسلمانوں کے نام اہم پیغام جاری کرتے ہوئے قربانی کو سنت اور شریعت کے مطابق ادا کرنے، صفائی ستھرائی برقرار رکھنے، سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

جمعیۃ علماء ضلع علی گڑھ کے ضلع صدر سید قاری عبداللہ، جنرل سیکرٹری مولانا عبدالمتعالی اور کنوینر اصلاحِ معاشرہ مفتی سلیم احمد خان نے عید الاضحیٰ کے موقع پر اہلِ ضلع کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی بے مثال قربانی، اطاعت، ایثار اور اللہ تعالیٰ کے حکم کے سامنے مکمل سپردگی کی عظیم یادگار ہے۔

ضلع صدر سید قاری عبداللہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسلمان اس عظیم عبادت کو خلوص، تقویٰ اور سنتِ نبوی ﷺ کے مطابق انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کا مقصد صرف جانور ذبح کرنا نہیں بلکہ اپنی خواہشات، نفس اور انا کو اللہ تعالیٰ کے حکم کے تابع کرنا بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں مسلمانوں کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے کہ وہ اپنے بہترین اخلاق، نظم و ضبط، صفائی ستھرائی اور حسنِ کردار کے ذریعے اسلام کی مثبت اور پُرامن تصویر پیش کریں۔ قربانی کے فضلات، آلائشوں اور دیگر اشیاء کو سڑکوں، گلیوں، کھلے مقامات یا نالیوں میں نہ پھینکا جائے بلکہ مناسب طریقے سے دفن کیا جائے یا انتظامیہ کے مقرر کردہ طریقہ کار کے مطابق ٹھکانے لگایا جائے تاکہ عام شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

سید قاری عبداللہ نے ضلع انتظامیہ، نگر نگم اور شہری و دیہی بلدیاتی اداروں سے بھی اپیل کی کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی، کچرا اٹھانے، جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤ اور دیگر ضروری انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو سہولت حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانانِ علی گڑھ بھی محبت، اخلاص، بھائی چارے اور ذمہ داری کے ساتھ انتظامیہ کا مکمل تعاون کریں اور ہر ایسے عمل سے گریز کریں جس سے سماجی ہم آہنگی یا امن و امان متاثر ہونے کا اندیشہ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ عید کی خوشیوں میں غریبوں، مسکینوں، یتیموں اور ضرورت مند خاندانوں کو شریک کرنا اسلامی تعلیمات کا اہم حصہ ہے، اس لیے اہلِ ثروت طبقہ ان طبقات کا خصوصی خیال رکھے تاکہ عید کی خوشیاں معاشرے کے ہر فرد تک پہنچ سکیں۔

جمعیۃ علماء ضلع علی گڑھ کے جنرل سیکرٹری مولانا عبدالمتعالی نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید الاضحیٰ اتحاد، محبت، صبر اور بھائی چارے کا درس دیتی ہے۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ حکومت اور مقامی انتظامیہ کی گائیڈ لائنز پر مکمل عمل کریں اور قربانی کے عمل میں قانون، نظم و ضبط اور سماجی ذمہ داریوں کا خیال رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو بھی عید کے موقع پر صفائی، تہذیب، حسنِ اخلاق اور باہمی احترام کی تعلیم دی جائے تاکہ معاشرہ امن، سکون اور رواداری کا گہوارہ بن سکے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مسلمان ہر ایسے عمل سے بچیں جس سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی متاثر ہونے کا خدشہ ہو، بلکہ صبر، حکمت اور اچھے اخلاق کے ذریعے اسلام کی پُرامن تعلیمات کو عام کریں۔

کنوینر اصلاحِ معاشرہ مفتی سلیم احمد خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ قربانی ایک اہم مالی عبادت ہے اور شریعت نے جس شخص پر قربانی واجب کی ہے، اس کے لیے اپنی قربانی ادا کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ اپنی واجب قربانی ادا کرنے کے بجائے والدین یا دیگر رشتہ داروں کی طرف سے نفلی قربانی کر دیتے ہیں، جبکہ خود صاحبِ نصاب ہونے کے باوجود اپنی واجب قربانی ترک کر دیتے ہیں، جو شرعی اعتبار سے درست طرزِ عمل نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو قربانی کے مسائل، احکام اور شرعی رہنمائی کو صحیح طور پر سیکھنے کی ضرورت ہے تاکہ عبادت صرف رسم نہ بنے بلکہ مکمل طور پر شریعت کے مطابق ادا ہو۔ قربانی میں اخلاص، سنت کی پابندی، صفائی اور معاشرتی ذمہ داریوں کا بھی خصوصی خیال رکھا جائے۔

مفتی سلیم احمد خان نے بتایا کہ عوام میں پائی جانے والی غلط فہمیوں اور دینی بیداری کے فروغ کے لیے ذی الحجہ کے عشرہ میں مسلسل “اصلاحِ معاشرہ” کے عنوان سے روزانہ پروگرام منعقد کیے گئے، جن میں قربانی کے شرعی احکام، واجب و نفلی قربانی کے فرق، صفائی ستھرائی اور دینی شعور کے موضوعات پر روشنی ڈالی گئی۔

آخر میں جمعیۃ علماء ضلع علی گڑھ کے ذمہ داران نے تمام اہلِ اسلام کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس مبارک موقع کو امتِ مسلمہ کے لیے خیر و برکت، امن، اتحاد، رحمت اور باہمی محبت کا ذریعہ بنائے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande