
علی گڑھ, 26 مئی (ہ س)علی گڑھ میں عیدالاضحیٰ کے پیش نظر تھانہ دہلی گیٹ علاقے میں واقع شاہ جمال عیدگاہ کمیٹی نے نماز عیدالاضحیٰ کے حوالے سے اہم اپیل جاری کرتے ہوئے تمام نمازیوں سے کہا ہے کہ وہ عیدالاضحیٰ کی نماز صرف عیدگاہ کے احاطہ کے اندر ہی ادا کریں اور حکومت و انتظامیہ کی جاری کردہ ہدایات پر مکمل عمل کریں۔
شاہ جمال عیدگاہ کمیٹی کے عہدیداران کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر نماز کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور نمازیوں کی سہولت کے لیے نماز کے دو اوقات مقرر کیے گئے ہیں۔ کمیٹی کے مطابق پہلی نماز صبح 6 بج کر 15 منٹ پر ادا کی جائے گی، جبکہ دوسری نماز صبح 7 بجے ادا ہوگی۔
کمیٹی نے نمازیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ وقت سے پہلے عیدگاہ پہنچیں، نظم و ضبط کا خاص خیال رکھیں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ نماز کے دوران کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
عیدگاہ کمیٹی کے ذمہ داران نے کہا کہ اتر پردیش حکومت کی گائیڈ لائن کے مطابق ہی عیدالاضحیٰ کا تہوار منایا جائے اور کسی بھی افواہ یا اشتعال انگیز باتوں پر توجہ نہ دی جائے۔ انہوں نے لوگوں سے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غیر مصدقہ خبروں سے بھی محتاط رہنے کی اپیل کی۔
کمیٹی نے مزید کہا کہ عید کا تہوار محبت، بھائی چارہ اور قربانی کا پیغام دیتا ہے، اس لیے تمام لوگ آپسی اتحاد، امن و امان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھتے ہوئے تہوار منائیں۔
عیدگاہ کمیٹی کی جانب سے شہریوں سے صفائی، نظم و ضبط اور باہمی تعاون کے ساتھ عیدالاضحیٰ منانے کی بھی اپیل کی گئی ہے تاکہ تہوار خوشگوار ماحول میں انجام پا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ