
کولکاتا، 24 مئی (ہ س)۔ مغربی بنگال کے مشہور کروڑوں روپے کے کوئلہ اسمگلنگ معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جانچ تیز کرتے ہوئے مغربی بنگال پولیس کے ایک انسپکٹر رینک کے افسر اور پانچ کوئلہ کاروباریوں کو پوچھ گچھ کے لیے سمن جاری کیا ہے۔ انہیں بدھ تک پوچھ گچھ کے لیے حاضر ہونا ہے۔
ای ڈی کی جانب سے سمن بھیجے گئے پولیس افسر منورنجن منڈل ہیں، جو مغربی بردوان ضلع کے آسنسول-درگاپور پولیس کمشنریٹ کے تحت بدبد تھانے کے سابق انچارج رہ چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، اس سے پہلے ترنمول کانگریس حکومت کی گزشتہ میعاد کے دوران بھی ای ڈی نے منڈل کو کئی بار پوچھ گچھ کے لیے بلایا تھا۔ حالانکہ، وہ مبینہ طور پر ایجنسی کے سمن کا جواب دینے سے بچتے رہے اور کولکاتا کے سالٹ لیک میں واقع ای ڈی کے دفتر میں حاضر نہیں ہوئے تھے۔
اب ریاست میں نئی انتظامی صورتحال کے درمیان ای ڈی نے انہیں دوبارہ پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے۔ منورنجن منڈل کے ساتھ جن پانچ کوئلہ کاروباریوں کو سمن جاری کیا گیا ہے، ان میں کرشن کایال، رتیش لوکیش سنگھ، یودھیشٹھر گھوش اور نریندر کھڑکا شامل ہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مغربی بردوان ضلع کے 12 دیگر کوئلہ کاروباری بھی ای ڈی کی نگرانی میں ہیں۔
ای ڈی نے اس معاملے میں دائر کردہ اپنی مختلف چارج شیٹوں میں دعویٰ کیا ہے کہ کوئلہ اسمگلنگ کا نیٹ ورک کوئلہ کاروباریوں، مرکزی فورسز کے کچھ افسران، کول انڈیا کی ذیلی کمپنی ’ایسٹرن کول فیلڈز لمیٹڈ‘ کے عہدیداروں اور سینٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس کے کچھ اہلکاروں کی مبینہ ساز باز سے چلایا جا رہا تھا۔
اس سے پہلے ای ڈی نے کولکاتا کی خصوصی اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ عدالت کو بتایا تھا کہ منورنجن منڈل کے بینک کھاتوں میں مختصر وقت میں بھاری رقم جمع ہوئی تھی۔ ایجنسی نے ان پر آمدنی کے معلوم ذرائع سے زیادہ اثاثے رکھنے کا بھی الزام لگایا تھا۔
مارچ 2026 میں ای ڈی کے حکام نے مغربی بردوان ضلع کے درگاپور میں واقع منڈل کی رہائش گاہ پر چھاپہ ماری اور تلاشی مہم بھی چلائی تھی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن