
کولکاتا، 23 مئی (ہ س) ۔مغربی بنگال حکومت نے سرکاری بھرتی کے عمل میں شفافیت بڑھانے کے لیے ایک بڑا فیصلہ لیا ہے۔ بھرتی کے امتحانات میں شرکت کرنے والے امیدواروں کو اب ان کی او ایم آر شیٹس کی کاربن کاپیاں لازمی طور پر فراہم کی جائیں گی۔وزیراعلیٰ شبھیندوادھیکاری نے ہفتہ کو سیالدہ میں حکومت کے زیر اہتمام منعقدہ ’ملازمت میلے‘ میں یہ اعلان کیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر مملکت اور بی جے پی لیڈر سکانتا مجمدار بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھرتی کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں نیا قانون لایا جائے گا۔ انہوں نے بھرتی گھوٹالوں کے لیے پچھلی ترنمول کانگریس حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب امتحانات پہلے او ایم آر سسٹم کا استعمال کرتے ہوئے منعقد کیے جاتے تھے، امیدواروں کو ان کی جوابی شیٹس کی کاربن کاپیاں نہیں دی جاتی تھیں۔
انہوں نے کہا،’ہر ملازمت کے امیدوار کے پاس اپنی او ایم آر شیٹ کی کاربن کاپی ہونی چاہیے۔ ان کاپیوں کو سسٹم کے اندر ہی محدود رکھنے کے کلچر نے اقربا پروری اور بدعنوانی کے الزامات کو جنم دیا ہے۔ اب اس نظام کو بدل دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت تحریری امتحان، تعلیمی قابلیت اور انٹرویو کے نمبروں کی تقسیم کا بھی جائزہ لے رہی ہے تاکہ بھرتی کے عمل کو مزید شفاف بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ خاص طور پر انٹرویو کے نمبروں کا وزن کم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، کیونکہ یہی وہ شعبہ ہے جس میں تعصب کے سب سے زیادہ الزامات لگائے گئے ہیں۔شبیندو ادھیکاری نے الزام لگایا کہ پچھلی حکومت کے دور میں بھرتی کے عمل میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی ہوئی، جس سے ملک بھر میں ریاست کی شبیہ کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اب ایک قابل اعتماد اور شفاف بھرتی کا نظام قائم کرکے امیدواروں کا اعتماد بحال کرنا چاہتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan