
حیدرآباد ، 23 مئی (ہ س)۔ حیدرآباد پولیس کمشنر وی سی سجنار نے 23 مئی کو ہندوستان کا پہلا مصنوعی ذہانت (اے آئی) پرمبنی کثیر لسانی شکایت کے اندراج کا نظام شروع کیا۔
اے آئی کاپی رائٹر کے نام سے اس ایپ کا افتتاح حیدرآباد بنجارہ ہلز میں مربوط کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں کیا گیا۔
کمشنر کے مطابق یہ ایپ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے شروع کی گئی تھی کہ تھانوں کا دورہ کرنے والے متاثرین کوزبان کی رکاوٹوں کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ان کی شکایات کی تیزاوردرست ریکارڈنگ کی سہولت فراہم کی جائے۔ سجنارنے کہا کہ یہ ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی ایپ بھی ہے۔
ایپ کی اہم خصوصیات
جب ہندی، تامل، بنگالی اورمراٹھی سمیت کسی بھی10 زبانوں میں بات کی جاتی ہے، توایپ فوری طور پرآوازکو متن میں تبدیل کر دیتی ہے اور اسے پولیس کی سمجھ میں آنے والی زبان میں ترجمہ کر دیتی ہے۔ شکایت درج کرنے میں عام طور پرگھنٹے لگتے ہیں، اب یہ کام محض سیکنڈوں میں مکمل ہوسکتے ہیں۔ کمشنر نے کہا کہ اب مترجمین کا انتظارکرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
شکایت درج کرنے والے افسرکا نام اور درست وقت جیسی تفصیلات خود بخود پی ڈی ایف فارمیٹ میں محفوظ ہوجاتی ہیں۔ یہ ریکارڈ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے کسی بھی امکان کوختم کردیتا ہے۔
ایپ متاثرہ، ملزم یا گواہ کے بیانات کوواضح طور پر شناخت اورریکارڈ کرتی ہے۔
حیدرآباد ایک عالمی شہر ہونے کی وجہ سے یہ دوسری ریاستوں سے آنے والے تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد کو سہولت ہوگی ۔ نیز غیرملکی شہری، جوشاید تلگویا انگریزی میں مہارت نہیں رکھتے۔ اس ایپ کا مقصد شکایات درج کرنے میں تاخیر یا معلومات کی غلط ریکارڈنگ جیسے مسائل کو ختم کرنا ہے، جو اکثر زبان کی رکاوٹوں کی وجہ سے پیدا ہوتے ہیں۔ سجنار نے وضاحت کی کہ جب کوئی شکایت اپنی مادری زبان میں بات کرتا ہے تو ایپ فوری طورپراسے پہچان لیتی ہے اور اس کا ترجمہ کرکے اسے سرکاری ریکارڈ میں تبدیل کر دیتی ہے۔ معلومات کو ہر پانچ سیکنڈ میں اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے۔ توقع ہے کہ اس ٹیکنالوجی سے مہاجرکارکنوں، خواتین اوربزرگوں کے پولیس خدمات میں اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ایپ کو 80 سے زیادہ تھانوں میں استعمال کیا جائے گا۔
اے آئی کاپی رائٹر کوحیدرآباد کمشنریٹ حدود میں 80 سے زیادہ پولیس اسٹیشنوں میں تعینات کیا جائے گا۔ پولیس اہلکار متاثرین کی طرف سے بیان کردہ شکایات کو ان کی مادری زبانوں میں فوری طورپر ریکارڈ اورترجمہ کرسکتے ہیں۔ حیدرآباد پولیس نے بلیو کلاؤڈ سافٹ ٹیک سلوشنس کے ساتھ اورانٹرن پاگرو چندو کے تعاون سے یہ اختراعی ایپ تیار کی ہے۔ ۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق