ذہنی مریضوں کے اسپتالوں کو تدریسی اداروں میں تبدیل کیا جائے گا : وزیراعلیٰ فڑنویس
ممبئی ، 23 مئی (ہ س) وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس نے کہا ہے کہ مہاراشٹر کے یرواڈا، تھانے، رتناگیری اور ناگپور واقع علاقائی نفسیاتی اور ذہنی مریضوں کے لئے مخصوص اسپتالوں کو تدریسی اداروں میں تبدیل کرنا صرف صحتی نظام کی توسیع نہیں بلکہ معیاری علاج، تح
Health Mental Health Institutes


ممبئی ، 23 مئی (ہ س) وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس نے کہا ہے کہ مہاراشٹر کے یرواڈا، تھانے، رتناگیری اور ناگپور واقع علاقائی نفسیاتی اور ذہنی مریضوں کے لئے مخصوص اسپتالوں کو تدریسی اداروں میں تبدیل کرنا صرف صحتی نظام کی توسیع نہیں بلکہ معیاری علاج، تحقیق اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری کی سمت میں ایک دور اندیش اور انسان دوست قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے سماج کے محروم طبقات تک جدید، معیاری اور آسان ذہنی صحت خدمات پہنچانے کے عزم کو مزید تقویت ملے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست کے یرواڈا (پونے)، تھانے، رتناگیری اور ناگپور کے چار علاقائی ذہنی صحت اسپتال بڑی تعداد میں بالخصوص محروم طبقات کو طبی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ بیرونی و اندرونی مریض خدمات کے ذریعے ہزاروں مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے، جبکہ ان اسپتالوں میں تقریباً 5700 بستروں کی سہولت موجود ہے۔ اسی بنیاد پر ریاستی حکومت نے ان اسپتالوں کو تدریسی اداروں میں تبدیل کرنے کی اہم تجویز پیش کی ہے، جس سے ذہنی صحت کے شعبے میں علاج کے ساتھ تعلیم اور تحقیق کو بھی فروغ ملے گا۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی ’’مین پاور ڈیولپمنٹ اسکیم‘‘ کے تحت ’’اسٹرینتھننگ پی جی ڈپارٹمنٹ ان مینٹل ہیلتھ اسپیشلٹیز (اسکیم بی)‘‘ کے ذریعے ذہنی صحت کے میدان میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی کمی دور کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ قومی ذہنی صحت پروگرام کے تحت بارہویں پانچ سالہ منصوبے سے اس شعبے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ جہاں پہلے سے بنیادی ڈھانچہ موجود ہے، وہاں ذہنی صحت سے متعلق پوسٹ گریجویٹ کورسز شروع کرنے کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

ریاستی حکومت نے 16 ستمبر 2019 کو جاری حکمنامے کے ذریعے ایم ڈی سائیکائٹری، ایم فل کلینیکل سائیکولوجی، ایم فل سائیکیاٹرک سوشل ورک اور ڈپلومہ ان سائیکیاٹرک نرسنگ کورسز کو منظوری دی تھی۔ یہ کورسز تھانے، یرواڈا (پونے) اور ناگپور کے علاقائی ذہنی صحت اسپتالوں میں شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ناگپور کے علاقائی ذہنی صحت اسپتال میں میڈیکل ایجوکیشن اور پبلک ہیلتھ محکمہ کی مشترکہ کوششوں سے ایم ڈی سائیکائٹری کورس شروع کیا گیا ہے۔ اندرا گاندھی سرکاری میڈیکل کالج، ناگپور کے اساتذہ کے تعاون سے یہ کورس تعلیمی سال 2022-23 سے جاری ہے، جس میں ہر سال چار طلبہ کو داخلہ دیا جا رہا ہے۔ اب تک 12 طلبہ داخلہ لے چکے ہیں، جن میں سے دو طلبہ کورس مکمل کر چکے ہیں۔

اسی طرح تھانے اور پونے کے علاقائی ذہنی صحت اسپتالوں میں ڈپلومہ ان سائیکیاٹرک نرسنگ کورس بھی 2022-23 سے شروع کیا گیا ہے۔ ہر مقام پر سالانہ 20 طلبہ داخلہ لے رہے ہیں۔ اب تک تھانے سے 59 اور پونے سے 60 طلبہ کامیاب ہو چکے ہیں، جس سے ذہنی صحت کے شعبے میں تربیت یافتہ نرسنگ عملے کی دستیابی میں اضافہ ہوا ہے۔

وزیراعلیٰ فڑنویس نے کہا کہ ان چاروں علاقائی ذہنی صحت اسپتالوں کو مکمل تدریسی اداروں میں تبدیل کیے جانے سے مریضوں کو مزید معیاری اور ماہر علاج خدمات دستیاب ہوں گی، جبکہ ذہنی صحت کے شعبے میں تربیت یافتہ ڈاکٹروں، ماہرین نفسیات اور سماجی کارکنوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔ اس کے ساتھ تحقیق، اختراع اور دیہی و محروم علاقوں تک ذہنی صحت خدمات کی توسیع کو بھی تقویت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کے علاقائی ذہنی صحت اسپتالوں کو تدریسی اداروں میں تبدیل کرنا صحت، تعلیم اور سماجی ترقی کے لحاظ سے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور مرکز و ریاستی حکومت کے اشتراک سے نافذ کیا جانے والا یہ منصوبہ ریاست کی ذہنی صحت خدمات کو نئی طاقت فراہم کرے گا۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande