
نئی دہلی، 23 مئی (ہ س)۔ شمال مشرقی ضلع کے شاستری پارک میں واقع فرنیچر مارکیٹ میں جمعہ کی دیر رات زبردست آگ لگ گئی، جس سے بڑے پیمانے پر افرا تفری مچ گئی ۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ کچھ ہی دیر میں پورا بازار دھویں اور بلند شعلوں کی زد میں آگیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں کھلبلی مچ گئی اور لوگوں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر جمع ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق، فائر کنٹرول روم کو رات 11 بج کر 57 منٹ پر آگ لگنے کی کال موصول ہوئی۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کردی گئیں۔ آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے اضافی وسائل کو مسلسل تعینات کیا گیا۔ تقریباً 1:20 بجے تک، فائر بریگیڈ کی 23 گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچ چکی تھیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری تھیں۔
ڈی بی کے مطابق ، محکمہ فائر بریگیڈ کے ڈپٹی چیف فائر آفیسر مکھرجی نے بتایا کہ فرنیچر مارکیٹ میں بڑی مقدار میں آتش گیر مواد ذخیرہ کیا گیا تھا۔ لکڑی، فوم، پلاسٹک اور دیگر مواد کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل گئی اور تیزی سے بڑے پیمانے پر آگ بن گئی۔ حالات کے پیش نظر آگ کو ”درمیانے درجے کی آگ“ قرار دیا گیا۔
فائر فائٹرزکو آگ بجھانے کے لئے کافی جدوجہد کرنی پڑی ۔ تنگ گلیوں اور مسلسل آگ کے شعلوں نے بچاو¿ اور امدادی کاموں کو مشکل بنا دیا۔ آگ لگنے سے گردو نواح میں دھوئیں کے گہرے بادل پھیل گئے جس سے مکینوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
عینی شاہدین کے مطابق واقعہ کے بعد مقامی لوگوں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ اس دوران انتظامیہ اور امدادی کاموں کو لے کر لوگوں میں غصہ بھی دیکھا گیا۔ حالات اتنے کشیدہ ہو گئے کہ کچھ لوگوں نے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں پر پتھراو¿ کیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی ایک ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور حالات کو قابو میں کیا اور سیکورٹی بڑھا دی گئی۔
سرکاری طور پر جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ تاہم ابتدائی اندازوں کے مطابق آگ سے کافی نقصان ہوا ہے۔ کئی دکانیں آگ کی زد میں آ گئیں، جس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کاروباریوں کو بھاری نقصان ہوا ہے۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد