
کانگریس کا نیشنل کانفرنس کے ساتھ اتحاد تاریخی غلطی تھی۔ وقار رسول
جموں، 23 مئی (ہ س)۔ جموں و کشمیر کانگریس کے سابق ریاستی صدر وقار رسول نے نیشنل کانفرنس کے ساتھ پارٹی کے اتحاد کو ’تاریخی غلطی‘ قرار دیتے ہوئے ہائی کمان سے فوری طور پر اس اتحاد کو ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں اس اتحاد سے کانگریس کو کوئی فائدہ نہیں ہو رہا۔ وقار رسول نے نیشنل کانفرنس اور بی جے پی پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ دونوں جماعتیں آپس میں ملی ہوئی ہیں اور عوام کو گمراہ کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غریب لوگوں کے گھروں پر بلڈوزر چلائے جا رہے ہیں جبکہ نیشنل کانفرنس کے وزراء لاعلمی ظاہر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کانگریس کے چھ اراکینِ اسمبلی کو بھی نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اسمبلی میں عوامی مسائل نہیں اٹھا رہے۔ ان کے مطابق نیشنل کانفرنس نے اسمارٹ میٹر ہٹانے، بے روزگاری ختم کرنے، مفت بجلی یونٹ اور مفت گیس سلنڈر جیسے وعدے پورے نہیں کیے، لیکن کانگریس کے اراکین خاموش ہیں۔
وقار رسول نے کہا کہ پارٹی کے اندر کئی لوگ خاموشی سے اس اتحاد کی مخالفت کر رہے ہیں، جبکہ وہ کھل کر اپنی رائے دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اتحاد ختم کرنا ہی کانگریس کے مفاد میں ہے۔ادھر کانگریس کے چیف ترجمان رویندر شرما نے وقار رسول کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے معاملات پر عوامی بیانات دینے کے بجائے پارٹی فورم پر بات ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے ساتھ اتحاد بی جے پی اور آر ایس ایس کو اقتدار سے دور رکھنے کے لیے کیا گیا تھا اور اس بارے میں حتمی فیصلہ پارٹی ہائی کمان ہی کرے ۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر