
علی گڑھ،22 مئی (ہ س)۔
ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج اینڈ ہاسپٹل، اے ایم یو کی ڈینٹل کالج سوسائٹی کے زیر اہتمام ‘‘بیرونِ ملک تعلیم کے مواقع’’ کے عنوان سے ایک لیکچر منعقد کیا گیا، جس میں انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ کو بین الاقوامی تعلیمی مواقع، اسکالرشپ، ریسرچ کے امکانات اور بیرونِ ملک کریئر سازی کے سلسلے میں رہنمائی فراہم کی گئی۔
کلیدی خطبہ ڈاکٹر احمد شعیب ہاشمی نے پیش کیا، جنہوں نے حال ہی میں جانس ہاپکنس بلومبرگ اسکول آف پبلک ہیلتھ میں ‘‘سومر اسکالرشپ’’ حاصل کی ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی تعلیمی پروگراموں کی تیاری کے اہم پہلوؤں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انھوں نے مضبوط ریسرچ پروفائل کی تیاری، تحقیقی مضامین کی اشاعت کی حکمت عملی، نیٹ ورکنگ، اسکالرشپ کے لیے درخواست اور انٹرویو کی تیاری کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے اپنی ذاتی تعلیمی جدوجہد اور تجربات بھی بیان کیے۔
ڈاکٹر ہاشمی کی یہ دستیابی اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ ‘‘سومر اسکالرشپ’’ ہر سال دنیا بھر میں صرف 14 اسکالرز کو دی جاتی ہے۔ وہ سومر اسکالرز پروگرام کے گزشتہ 20 بیچوں میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے ڈینٹسٹ ہیں۔ ڈینٹل کالج کے قائم مقام پرنسپل اور شعبہ پیریوڈونٹولوجی کے چیئرپرسن پروفیسر این ڈی گپتا نے ڈاکٹر ہاشمی کو مبارکباد پیش کی اور معلوماتی نشست کے انعقاد پر ڈینٹل کالج سوسائٹی کی تعریف کی۔ ڈاکٹر ہاشمی نے اپنے اساتذہ، بشمول پروفیسر این ڈی گپتا، ڈاکٹر سیف خان اور پروفیسر اسد یو خان کی حوصلہ افزائی اور علمی رہنمائی پر شکریہ ادا کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ