
ممبئی ، 22 مئی (ہ س)۔ ریاست میں مسافروں کے ساتھ رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیور مراٹھی زبان میں گفتگو کر سکیں، اس مقصد کے تحت حکومت نے غیر مراٹھی رکشہ-ٹیکسی ڈرائیوروں کے لیے ورچول اورعملی طورپر مراٹھی زبان سیکھنا لازمی قراردیدیا ہے۔ ریاستی وزیر برائے ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک نے واضح کیا کہ تمام غیر مراٹھی رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیوروں کو 15 اگست تک آن لائن یا تربیتی مراکز میں ورچول اور عملی طورپر مراٹھی زبان سیکھنی ہوگی اور 16 اگست کے بعد کسی بھی قسم کی مہلت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ قواعد پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
وزارت میں رکشہ-ٹیکسی ڈرائیوروں کے لیے مراٹھی زبان کی تربیت سے متعلق منعقدہ اجلاس میں وزیر پرتاپ سرنائک نے کہا کہ مراٹھی زبان کے فروغ کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ نے پہل کی ہے۔ اسی کے تحت محکمہ ٹرانسپورٹ، کوکن مراٹھی ساہتیہ پریشد اور ممبئی مراٹھی ساہتیہ سنگھ کے تعاون سے ریاست بھر میں مراٹھی زبان کے تربیتی مراکز قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رکشہ یونینوں اور شیوسینا شاخوں میں دستیاب مقامات پر بھی 15 اگست تک یہ مراکز چلائے جائیں گے۔
وزیر سرنائک نے ڈرائیوروں سے اپیل کی کہ وہ آن لائن یا اپنے قریبی مراکز میں جا کر مراٹھی زبان سیکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس تربیت کے لیے تقریباً چار ہزار اساتذہ شریک ہوں گے اور ہر ماہ کے چار ہفتہ اور اتوار کے دن ڈرائیوروں کی سہولت کے مطابق کم از کم چار گھنٹے کا نصاب مکمل کرنا ہوگا۔ کچھ اساتذہ بغیر اعزازیہ کے تربیت دیں گے جبکہ بعض کو فی گھنٹہ ایک ہزار روپے اعزازیہ دیا جائے گا۔
وزیر پرتاپ سرنائک کی درخواست پر مراٹھی زبان کے وزیر ادئے سامنت نے اس منصوبے کے لیے دو کروڑ روپے کے فنڈ کی تجویز تیار کرنے کی ہدایت متعلقہ افسران کو دی ہے، جبکہ باقی اخراجات محکمہ ٹرانسپورٹ برداشت کرے گا۔ وزیر سرنائک نے بتایا کہ جو رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیور اس تربیتی پروگرام میں کامیابی کے ساتھ شرکت مکمل کریں گے، انہیں محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے مراٹھی زبان میں عملی مہارت جانچنے کے لیے تربیتی مراکز پر زبانی امتحان بھی لیا جائے گا۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ تربیتی مراکز کی حتمی فہرست تیار کر کے آن لائن اور آف لائن سہولتیں جلد فراہم کی جائیں۔ وزیر سرنائک نے کہا کہ رکشہ-ٹیکسی ڈرائیوروں کی ایک خصوصی میٹنگ منگل کو منعقد کی جائے گی، جس میں انہیں مفت آن لائن اور آف لائن تربیت سے فائدہ اٹھانے کی اپیل کی جائے گی۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ اگر 15 اگست تک ڈرائیوروں نے مراٹھی زبان نہیں سیکھی تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے