
شیئر بازار سبز نشان پر کھلا، سینسیکس میں 325 پوائنٹس کی تیزی
نئی دہلی، 22 مئی (ہ س)۔ مغربی ایشیا میں جاری بحران پر امریکہ اور ایران کے درمیان امن مذاکرات میں پیش رفت کے انتظار کے درمیان ہفتے کے آخری کاروباری دن جمعہ کو گھریلو شیئر بازار سبز نشان پر کھلا ہے۔ شیئر بازار کے دونوں اہم انڈیکس سینسیکس اور نفٹی میں تیزی برقرار ہے۔ سینسیکس میں 325 پوائنٹس کا اضافہ اور نفٹی میں بھی 90 پوائنٹس کی تیزی ہے۔
کاروبار کی شروعات میں بامبے اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای) کا سینسیکس 324.95 پوائنٹس یعنی 0.43 فیصد کے اضافے کے ساتھ 75,508.31 کی سطح پر کاروبار کر رہا ہے۔ وہیں، نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی بھی 96.10 پوائنٹس یعنی 0.41 فیصد کی تیزی کے ساتھ 23,750.80 کی سطح پر کاروبار کر رہا ہے۔
آج کے کاروبار میں بینک اور رئیلٹی شیئرز میں خریداری ہے۔ وہیں، ابتدائی کاروبار میں روپیہ ڈالر کے مقابلے 6 پیسے بڑھ کر 96.30 پر پہنچ گیا ہے۔ اس کے علاوہ، خام تیل کی قیمتیں 105 ڈالر فی بیرل کے آس پاس برقرار ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سرمایہ کار بھی امریکہ اور ایران کے درمیان امن مذاکرات میں پیش رفت کا انتظار کر رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ کاروباری دن جمعرات کو سینسیکس 135.03 پوائنٹس یعنی 0.18 فیصد کی کمی کے ساتھ 75,183.36 کی سطح پر بند ہوا تھا۔ اسی طرح این ایس ای کا نفٹی 4.30 پوائنٹس یعنی 0.018 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 23,654.70 کی سطح پر بند ہوا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن