
رتناگیری، 22 مئی (ہ س)۔ رتناگیری ضلع کے لوولے میورباغ، تعلقہ سنگمیشور سے اچانک لا پتہ ہونے والا 12 سالہ یش سنتوش پڈئے ممبئی میں محفوظ حالت میں مل گیا ہے۔ پولیس تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ والدین کی ڈانٹ سے ناراض ہو کر وہ بغیر کسی کو بتائے غصے میں گھر چھوڑ کر چلا گیا تھا۔ سنتوش کاشی رام پڈئے کا بیٹا یش، جو چھٹی جماعت میں زیر تعلیم ہے، 11 مئی 2026 کی رات تقریباً 10 بجے اپنے گھر سے اچانک غائب ہو گیا تھا۔ گھر والوں نے اس کی ہر جگہ تلاش کی اور رشتہ داروں سے بھی رابطہ کیا، مگر اس کا کوئی سراغ نہیں ملا تھا۔دیہی علاقے سے ایک معصوم بچے کے اچانک غائب ہونے کے بعد اس کے اغوا کا شبہ ظاہر کیا جارہا تھا، جس کے بعد سنگمیشور پولیس اسٹیشن میں اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس کے سامنے بھی اس بچے کو تلاش کرنا ایک بڑا چیلنج بن گیا تھا۔ پولیس انسپکٹر چوہان کی رہنمائی میں سب انسپکٹر آر ایس گاوت اس معاملے کی باریک بینی سے جانچ کر رہے تھے اور مختلف زاویوں سے تفتیش جاری تھی۔تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ گھر سے ناراض ہو کر نکلا یش سیدھا ممبئی پہنچ گیا تھا۔ممبئی میں چند دن گزارنے کے بعد اسے اپنے گھر اوروالدین کی یاد آئی، جس کے بعد اس نے اپنے والد کے موبائل پرفون کرکے بتایا کہ وہ ممبئی میں محفوظ ہے۔ بیٹے کی آواز سنتے ہی پڈئے خاندان کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو آگئے اور اہل خانہ نے راحت کی سانس لی۔ یش کا فون آنے کے بعد اس کے والد نے فوری طور پر ممبئی کے ملنڈ علاقے میں رہنے والے اپنے قریبی رشتہ داروں سے رابطہ کیا۔اطلاع ملتے ہی رشتہ دار فوراً یش کے بتائے ہوئے مقام پر پہنچے اور اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔ یش نے گھر چھوڑنے کے بعد ممبئی تک کا سفر کس طرح کیا، اس کی تفصیلات سن کر پولیس اور اہل خانہ بھی حیران رہ گئے۔ 11 مئی کی رات والدین کی ڈانٹ سے ناراض ہو کر وہ گھر سے نکل گیا۔ میورباغ سے باہر آنے کے بعد اس نے ایک نامعلوم موٹر سائیکل سوار سے لفٹ مانگی، جس کے ذریعے وہ سنگمیشور پہنچا۔ اس کے بعد اس نے ممبئی جانے والے ایک ٹرک کو ہاتھ دے کر روکا اور اس کے ذریعے کھید کے لوٹے پرشورام علاقے تک پہنچا۔ بعد ازاں وہ ریلوے اسٹیشن پہنچا اور ٹرین کے ذریعے ممبئی روانہ ہو گیا۔صرف 12 سال کی عمر میں غصے میں کیا گیا اس بچے کا یہ سفر انتہائی حیران کن قرار دیا جا رہا ہے۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد سے سنگمیشور پولیس مسلسل اس کی تلاش میں مصروف تھی۔ ممبئی میں موجود ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اسے بحفاظت سنگمیشور واپس لے آئی۔ اس کے بعد قانونی ضابطے کے مطابق بچے کو چائلڈ ویلفیئر کمیٹی اور چلڈرن ہوم کے حوالے کیا گیا، جہاں ضروری کارروائی مکمل ہونے کے بعد سنگمیشور پولیس کی موجودگی میں اسے باضابطہ طور پر اس کے والدین کے سپرد کر دیا گیا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے