
ریوینو انتظامیہ کو مزید جوابدہ بنانے کی سمت میں محکمہ کا بڑا قدم ، وزیر خود نگرانی کریں گے
پٹنہ، 22مئی(ہ س)۔ریاست کے ریونیو اور اصلاح اراضی محکمہ نے ریاست میں ریونیو ایڈمنسٹریشن کو مزید جوابدہ اور موثر بنانے کی سمت ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ محکمہ کے ذریعہ جاری ہدایت کے مطابق، ریاست کے تمام اضلاع کا 25 مئی 2026 سے 11 جون 2026 تک روزانہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے جائزہ لیا جائے گا۔ یہ جائزہ خود ریوینو و اصلاح اراضی کے وزیر ڈاکٹر دلیپ کمار جیسوال لیں گے۔
ایڈیشنل سکریٹری مسٹر اجیو وتسراج کے ذریعہ جاری کردہ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ ہر کام کے دن میں تین اضلاع کے ساتھ الگ الگ سیشن میں جائزہ لیا جائے گا۔میٹنگ تین شفٹوں میں ہوگی : پہلی شفٹ شام 4 بجے سے 5 بجے تک، دوسری شفٹ شام 5 بجے سے 6 بجے تک اور تیسری شفٹ شام 6 سے 7 بجے تک چلے گی۔
تمام ڈی ایم کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ذاتی طور پر جائزہ میٹنگ میں شرکت کریں تاکہ بندوبست آفیسر، ایڈیشنل کلکٹر، ضلع لینڈ ایکوزیشن آفیسر،اصلاح اراضی سب کلکٹر، سرکل آفیسر، ریونیو آفیسر اور دیگر متعلقہ عہدیداروں کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔ محکمہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ جائزے کے وقت تمام تازہ ترین رپورٹس دستیاب ہونی چاہئیں۔
محکمہ ریونیو کی جانب سے جاری کردہ ایجنڈے کے مطابق آن لائن میوٹیشن میں خرابی کی جانچ پڑتال اور نظرثانی کے دوران زیر التواء مقدمات کی یکسوئی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ پریمارجن پلس کے تحت ڈیجیٹائزڈ جمع بندی کو درست کرنے اور گمشدہ جمع بندی کو ڈیجیٹائز کرنے کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ای پیمائش، ابھیان بسیرا، اور سرکاری اراضی کی تصدیق سے متعلق کام کی حالت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ریونیو مہا ابھیان کے تحت موصول ہونے والی درخواستوں کی اسکیننگ اور اپ لوڈنگ کی پیشرفت اور ان کی آن لائن انٹری کو بھی جائزہ میں شامل کیا جائے گا۔ مزید برآں، سرکاری اراضی پر قبضے سے متعلق معاملات، محکمہ کے عوامی شکایات کے پورٹل پر موصول ہونے والی درخواستوں پر عمل درآمد، امدادی کیمپوں میں موصول ہونے والی درخواستوں کی صورتحال اور کسان رجسٹری مہم کی موجودہ پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
ریونیو کے وزیر نے کہا کہ اس یومیہ نگرانی کے نظام کا مقصد اضلاع میں زیر التواء مقدمات کو جلد نمٹانے، ڈیجیٹل سروس کے معیار کو بہتر بنانا اور عوام کو ریونیو خدمات تک فوری رسائی فراہم کرنا ہے۔
محکمہ کی طرف سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق 25 مئی کو مغربی چمپارن، سہرسہ اور ویشالی ضلع کے جائزہ سے مہم شروع ہو گی۔ 26مئی کو کٹیہار، مشرقی چمپارن، اور گوپال گنج کا جائزہ لیا جائے گا۔سپول، روہتاس اور پٹنہ ضلع کا جائزہ 27 مئی کو مقرر ہے۔ گیا، جہان آباد اور اورنگ آباد کا جائزہ 29 مئی کو ہوگا۔ اس کے بعد یکم جون کو شیوہر، سیوان اور بیگوسرائے، 2 جون کو ارریہ، لکھی سرائے اور جموئی اور 3 جون کو سارن، نوادہ اور بھاگلپور کا جائزہ لیا جائے گا۔ اسی طرح 4 جون کو مظفر پور، بکسر اور بانکا کا جائزہ لیا جائے گا۔ بھوجپور، مدھے پورہ، اور ارول ضلع 5 جون کو مقرر ہیں۔ مونگیر، پورنیہ، اور کیمور ضلع کا جائزہ 8 جون کو، نالندہ، کھگڑیا، اور سمستی پور کا 9 جون کو اور مدھوبنی، کشن گنج، اور سیتامڑھی کا 10 جون کو جائزہ لیا جائے گا۔ آخری مرحلہ 11 جون کو دربھنگہ اور شیخ پورہ ضلع میں ہوگا۔
محکمہ نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی وجہ سے میٹنگ ملتوی ہوتی ہے تو متعلقہ ضلع کے لیے جائزہ 11 جون کے بعد کی تاریخ کو منعقد کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan