
حیدرآباد، 21 مئی (ہ س) ۔حکومتِ تلنگانہ ‘پراجا پالنا پرگتی پلان کے تحت 25 سے 31 مئی تک ریاست بھر میں خواتین کاہفتہ(ویمنز ویک)منائے گی، جس کابنیادی مقصدخواتین کی اقتصادی، سماجی اور سیاسی خودمختاری کو مضبوط بنانا ہے۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق، اس ہفتے کے دوران خواتین، سیلف ہیلپ گروپس، نوعمرلڑکیوں، معذور افراد اور بزرگ خواتین کے لیے بڑے پیمانے پر مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ ان سرگرمیوں میں لون میلے ,روزگار کے اقدامات، ہیلتھ کیمپس، بیداری مہمات، بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے کام اور خواتین کے تحفظ کے پروگرام شامل ہیں۔
ان تقریبات کے ایک حصے کے طور پر، وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی 29 مئی کو حیدرآباد میں کاروبار کی خواہش مند خواتین کے لیے ایک انکیوبیشن پروگرام کا آغاز کریں گے۔ حکومت ریاست بھر میں 500 پولٹری یونٹس، چھوٹے کاروبار زرعی پروسیسنگ مراکز، شہد کی مکھیوں کے پالنے کے مراکز اور بائیو ان پٹ ریسورس سینٹرز کے قیام میں بھی سہولت فراہم کرے گی۔
ہفتہ بھر جاری رہنے والی ان تقریبات میں سولر پاور پلانٹس کا افتتاح، خواتین کے گروپوں کے زیر انتظام چلنے والی آر ٹی سی بسوں کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کرنا، نوعمر لڑکیوں میں سائیکلوں کی تقسیم، معذور افراد کے لیے بیٹری سے چلنے والی گاڑیاں اور شہری علاقوں میں اندیراماساڑھیاں بانٹنا بھی شامل ہے۔
صوبائی وزیر سیتااکا نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد خواتین کے گروپوں کو ایک ایسی پیداواری قوت میں تبدیل کرنا ہے جو دیہی معیشت کو آگے بڑھا سکے، اورانہوں نے تمام محکموں اور عوامی نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ ان تقریبات کو کامیاب بنانے کے لیے مل جل کر کام کریں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق