
حیدرآباد۔ 21 مئی (ہ س) ۔ تلنگانہ کے وزیراعلیٰ اے ریوَنت ریڈی نے جمعرات کو اعلان کیا کہ ریاستی حکومت اگلے 10برسوں میں پولیس کے نظام کو مضبوط کرنے کے لیے ایک جامع ایکشن پلان تیارکررہی ہے، جس میں سائبر جرائم پرلگام لگانے، منشیات کے مسئلے سے نمٹنے، محکمہ پولیس میں بدعنوانی کو ختم کرنے اور قانون نافذ کرنے والے بنیادی ڈھانچے کی جدیدکاری پرخصوصی زور دیا گیاہے۔
وزیراعلیٰ نے سینئر پولیس افسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے افسران کوریاست بھرمیں پولیسنگ کے معیار کوبہتر بنانے کے مقصد سے ایک اسٹریٹجک روڈ میپ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ریونت ریڈی نے انتباہ دیتے ہوئے کہاہے کہ امن و امان برقرار رکھنے میں لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ پولیس کو مستقبل میں تیزی سے بدلتے ہوئے جرائم کے طریقوں کے مطابق خود کو ڈھالنے اورجدید ٹیکنالوجیز اور ڈرون پر مبنی پولیسنگ سسٹم سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے افسران کو سی سی ٹی وی نگرانی کے نیٹ ورک کو مضبوط کرنے اورانٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا مؤثر استعمال یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے محکمہ پولیس میں بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کو بھی دہرایا۔جائزہ میٹنگ میں گشت کے نظام کو بہتر بنانے، گاؤں کی سطح پر پولیسنگ کو مضبوط کرنے، مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے بدمعاشوں کاباقاعدگی سے جائزہ لینے اور فارنسک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) کے بنیادی ڈھانچے کوجدید بنانے پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔ میٹنگ میں ریاست میں آئی پی ایس افسران کی کمی کا معاملہ بھی اٹھایا گیا اور ان کی کافی تعداد میں تعیناتی کے لیے مرکزی حکومت سے اپیل کی گئی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق