
پٹنہ، 21 مئی(ہ س)۔ دیہی امور محکمہ بہار کے دیہی علاقوں میں ہر موسم میں سڑک رابطہ یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ دیہی سڑکوں سے متعلق شکایات کو دور کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ محکمہ کی سطح پر ’’ہمارا بہار ہماری سڑک‘‘ ایپ کامیاب ثابت ہو رہی ہے۔ اس ڈیجیٹل اقدام کے ذریعے، گائوں کے لوگ اب اپنے علاقوں میں دیہی سڑکوں سے متعلق مسائل کی اطلاع براہ راست محکمہ کو دے رہے ہیں۔ محکمہ ان شکایات کے فوری حل کو یقینی بنا رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پوری ریاست میں ایپ کے ذریعے کل 3,213 شکایات موصول ہوئی ہیں۔ ان میں سے 3,102 شکایات کومحکمہ کی سطح پر فوری کارروائی کے ذریعے کامیابی سے حل کیا گیا ہے۔ اس طرح 96 فیصد سے زائد معاملات کے بروقت حل کو یقینی بنایا گیا ہے۔ موصول ہونے والی شکایات میں سے 2,476 معاملوں میں ضروری اصلاحی کارروائی کی گئی ہے۔ ان شکایتوں کے تحت متعلقہ دیہی سڑکوں کی مرمت، سطح کی بہتری، گڑھے بھرنے اور دیگر دیکھ ریکھ کے کام کو یقینی بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 626 شکایات کی تفصیلی جانچ اور تصدیق کے بعد انہیں بند کر دیا گیا ہے۔ ان فوری کوششوں کے نتیجے میں، پوری ریاست میں اس وقت صرف 111 شکایات ہی زیر التوا ہیں، جو کل شکایتوں کا صرف 3.45 فیصد ہیں۔
ڈویژن وار شکایات کے حل کے لحاظ سے گیا جی زون کا بہت بہتر مظاہر ہ رہا ہے، جس میں سب سے کم زیر التواء شکایات 2.11 فیصد ہیں۔ یہاں موصول ہونے والی کل 426 شکایات میں سے 417 کو حل کیا گیا ہے۔ دوسری طرف پٹنہ زون میں صرف 2.63 فیصد شکایات زیر التواء ہیں۔ ساتھ ہی مظفر پور زون جس میں سب سے زیادہ 721 شکایات موصول ہوئی ہیں وہاں بھی 693 معاملوں کے فوری حل کو یقینی بنایاجا چکاہے۔
''ہمارا بہار ہماری سڑک'' ایپ نے محکمہ اور دیہی آبادی کے درمیان رابطے کو مضبوط اور شفاف بنایا ہے۔ اب دور دراز گائوں میں رہنے والے عام لوگ بھی دیہی سڑکوں اور پلوں سے متعلق مسائل کی اطلاع براہ راست محکمہ کو موبائل کے ذریعے دے سکتے ہیں۔ اس سے نہ صرف محکمانہ اہلکاروں کے لیے جوابدہی قائم ہوئی ہے بلکہ دیہی سڑکوں کی دیکھ بھال کے کام کی نگرانی میں عوام کی فعال شرکت کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan