
جموں, 21 مئی (ہ س)۔
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو کٹرا میں اکشے پترا فاؤنڈیشن کے مرکزی کچن پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس جدید کچن کے فعال ہونے کے بعد روزانہ پانچ ہزار اسکولی بچوں کو غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کیا جائے گا۔اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں اکشے پترا فاؤنڈیشن کے مزید منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے جن میں جموں میں ایک اور مرکزی کچن سہولت شامل ہے۔ انہوں نے حکومت اور سماجی تنظیموں کے درمیان مضبوط اشتراک پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر بچے کو متوازن اور صحت بخش غذا فراہم کرنا اجتماعی ذمہ داری ہے تاکہ کوئی بھی بچہ محروم نہ رہے۔منوج سنہا نے کہا کہ بھوکا بچہ بہتر تعلیم حاصل نہیں کر سکتا اور ایسا اسکول جو اپنے طلبہ کو مناسب خوراک نہ دے سکے، مساوی ترقی کے مواقع فراہم نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی تحقیق سے ثابت ہو چکا ہے کہ تعلیم اور غذائیت ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور متوازن غذا بچوں کی ذہنی صلاحیتوں، توجہ اور سیکھنے کے عمل کو بہتر بناتی ہے۔جب ہم اسکولوں میں غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کرتے ہیں تو ہم صرف بچوں کا پیٹ نہیں بھرتے بلکہ مستقبل کی سوچ اور قوم کی تعمیر کر رہے ہوتے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ آج کے بچے ہی مستقبل کے بھارت اور جموں و کشمیر کے خوابوں اور امیدوں کی حقیقی تصویر ہیں، اس لیے ان کی تعلیم، صحت اور اعتماد پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر انہوں نے اکشے پترا فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کی بڑی سماجی تنظیموں میں شامل ہے جو اسکولی بچوں کو دوپہر کا کھانا فراہم کرتی ہے۔ فاؤنڈیشن اس وقت 16 ریاستوں اور 3 مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 20 لاکھ سے زائد بچوں کو روزانہ کھانا فراہم کر رہی ہے۔تقریب کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے اسکولی بچوں میں کھانا بھی تقسیم کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر