
دہلی میں لوٗ کا قہر، دو افراد اسپتال میں داخل، حالت نازک
نئی دہلی، 21 مئی (ہ س)۔ دہلی میں شدید گرمی اور لوکی وجہ سے دو لوگوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ دونوں مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ پہلا معاملہ بدھ کی رات دیر گئے رپورٹ ہوا۔ رام منوہر لوہیا اسپتال کے ڈاکٹر اجے چوہان نے بتایا کہ صبح ایک بج کر45 منٹ پر ایک 24 سالہ طالب علم کو لوٗ کی علامات کے ساتھ اسپتال لایا گیا۔ مغربی بنگال کا رہنے والا نوجوان ٹرین میں سفر کر رہا تھا۔ اس نے الٹی، اسہال اور انتہائی تھکاوٹ کی شکایت کی۔ اس کے لئے ایمرشن کولنگ کا فوری طور پر اسپتال میں انتظام کیا گیا اور اسے داخل کرلیا گیا۔ فی الحال مریض کی حالت تشویشناک ہے اور اس کا علاج جاری ہے۔
دوسرا معاملہ جمعرات کی صبح 10 بج کر45 منٹ پر رپورٹ ہوا۔ پولیس ایک شخص کو، جس کی عمر تقریباً 50 سال تھی، بے ہوش ہو کر اسپتال لے آئی۔ اس کے جسم کا درجہ حرارت بہت زیادہ تھا۔ ڈاکٹروں نے اسے فوری طور پر وینٹی لیٹر پر رکھا، اس کے سانس کی نلی میں ایک ٹیوب ڈالی اور اسے برف کے ٹھنڈے پانی میں ڈبو کر ٹھنڈا کرنا شروع کیا۔ ان کی حالت بھی تشویشناک ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ وہ مریض کا پتہ یا دیگر طبی حالات کے بارے میں معلومات حاصل نہیں کر سکے کیونکہ خاندان کا کوئی فرد وہاں موجود نہیں تھا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی