
جموں, 21 مئی (ہ س)۔
منشیات کے خطرے اور نشیلی اشیاء کی اسمگلنگ سے حاصل کی گئی غیر قانونی جائیدادوں کے خلاف کارروائیوں کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے جموں پولیس نے ایک اور بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ پولیس نے چنڈی گڑھ میں واقع تقریباً 31 لاکھ روپے مالیت کی ایک جائیداد ضبط کر لی ہے، جسے مبینہ طور پر منشیات کی غیر قانونی تجارت سے حاصل شدہ رقم سے خریدا گیا تھا۔پولیس حکام کے مطابق پولیس اسٹیشن باہو فورٹ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8/21/22/25/27اے/29 اور بی این ایس کی دفعہ 111 کے تحت درج ایف آئی آر نمبر 295/2025 کی تحقیقات کے دوران اس غیر قانونی جائیداد کا سراغ لگایا گیا۔
ضبط کی گئی جائیداد چندی گڑھ کے سیکٹر 26، باپو دھام کالونی میں واقع مکان نمبر 711/6 ہے، جو سورج کمار ولد گردیو سکنہ راجیو نگر، نروال جموں کے نام پر درج ہے۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آنے کے بعد کہ یہ جائیداد منشیات کی اسمگلنگ سے حاصل شدہ رقم سے خریدی گئی، اسے این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68-ایف کے تحت ضبط کر لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی منشیات فروشوں کے مالیاتی نیٹ ورک کو توڑنے اور غیر قانونی دولت کو قانون کے دائرے میں لانے کے لیے جموں پولیس کے عزم کا حصہ ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کو نہ صرف قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ ان کی ناجائز طور پر حاصل کردہ جائیدادیں بھی ضبط کی جائیں گی۔جموں پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ اور جرائم سے متعلق معلومات قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شیئر کریں تاکہ معاشرے کو منشیات کے ناسور سے پاک کیا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر