اے ایم یو کے سر سید ہال ساؤتھ میں سالانہ جلسہ کا اہتمام
اے ایم یو کے سر سید ہال ساؤتھ میں سالانہ جلسہ کا اہتمام علی گڑھ، 21 مئی (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سر سید ہال ساؤتھ کی جانب سے تاریخی اسٹریچی ہال میں سالانہ جلسہ منعقد کیا گیا۔ پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے
سرسید ہال تقریب


اے ایم یو کے سر سید ہال ساؤتھ میں سالانہ جلسہ کا اہتمام

علی گڑھ، 21 مئی (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سر سید ہال ساؤتھ کی جانب سے تاریخی اسٹریچی ہال میں سالانہ جلسہ منعقد کیا گیا۔ پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے ہال انتظامیہ کی کاوشوں کی ستائش کی اور طلبہ کو واضح تعلیمی اہداف متعین کرنے اور شخصیت سازی کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی تلقین کی۔

مہمان ذی وقار محترمہ ممتا کریل آئی پی ایس، ایس پی سٹی علی گڑھ (کرائم برانچ) نے طلبہ کو سول سروسز میں آنے کی ترغیب دی اور ڈسپلن، ثابت قدمی اور وقت کی پابندی کی اہمیت پر زور دیا۔ شعبہ زولوجی کی چیئرپرسن اور ڈائریکٹر، اسکول ایجوکیشن، اے ایم یو پروفیسر قدسیہ تحسین نے مہمان اعزازی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے طلبہ کو اعتماد اور حوصلے کے ساتھ آگے بڑھنے کی نصیحت کی، جبکہ دوسرے مہمان اعزازی، شعبہ کلیات کے چیئرمین پروفیسر اشہر قدیر نے طلبہ کو وقت کی قدر کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو تعلیمی و سماجی ترقی کے لیے بروئے کار لانے پر زور دیا۔

اس سے قبل پرووسٹ پروفیسر عبدالرؤف نے مہمانوں کا استقبال کیا اور سال بھر کے دوران ہال کی تعلیمی، ادبی، ثقافتی اور کھیل کود کی سرگرمیوں اور دستیابیوں پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر سالانہ ہال میگزین ‘فکرِ سر سید’ کا اجراء بھی عمل میں آیا۔ تقریب میں انٹر ہال اور نارتھ زون مقابلوں کے علاوہ نیٹ،جے آر ایف اور آیوش پی جی سمیت مؤقر امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو اسناد اور یادگاری نشان سے نوازا گیا۔ سینئر ہال ڈاکٹر محمد واصف رضا نے سالانہ رپورٹ پیش کی، جبکہ سینئر فوڈ ڈاکٹر سلمان احمد نے اظہارِ تشکر کیا۔ پروگرام کا اختتام پرتکلف عشائیہ پر ہوا۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande