
نئی دہلی، 21 مئی(ہ س )۔
آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے جاری بیان میں کہا کہ 13 اور 14 جون 2026 کو حیدرآباد میں دو روزہ نیشنل یونانی سمینار بعنوان ’اسکوپ اینڈ اسٹرینتھ آف یونانی میڈیسن‘ کا انعقاد ہونے جارہا ہے۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ستیہ یونانی گروپ اور آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس (ٹیکنکل ونگ) کے اشتراک سے این ٹی آر آڈیٹوریم، تلگو یونیورسٹی، نام پلّی، حیدرآباد میں مذکورہ پروگرام کے انعقاد کے سلسلے میں تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں اور ملک بھر سے بڑے پیمانے پر مندوبین کا رجسٹریشن بھی جاری ہے۔ ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے مزید کہا کہ ا?ل انڈیا یونانی طبّی کانگریس کے قومی صدر پروفیسر مشتاق احمد پروگرام کی صدارت کریں گے اور اس موقع پر مفت یونانی میڈیکل کیمپ اور مفت میں دوائی پودوں کی تقسیم کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، اس سے عوام کو طب یونانی سے زمینی سطح پر نہ صرف جڑنے کا موقع ملے گا بلکہ انہیں نفع بھی حاصل ہوگا۔ پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس (ٹیکنکل ونگ) کے قومی صدر پروفیسر ایم اے فاروقی کی سربراہی میں ڈاکٹر ایس جی وشنو ستیہ (Dr. S.G.V. Sathya) نے سخت محنت اور لگن کے ساتھ خود کو وقف کر رکھا ہے اور سرکاری و نیم سرکاری یونانی اداروں کے سربراہوں سے براہ راست ملاقات کرکے سمینار کے اغراض و مقاصد کے بارے میں تفصیلی معلومات کی فراہمی کے ساتھ پروگرام میں مدعو کر رہی ہیں۔ وہ حقیقت میں بحیثیت سمینار کی آرگنائزنگ سکریٹری اپنی ذمہ داری بحسن و خوبی انجام دے رہی ہیں۔ ڈاکٹر ستیہ اس بات کے لیے بھی قابل مبارکباد ہیں کہ ’بی یو ایم ایس‘ اور ایم ڈی یونانی کی سند حاصل کرنے کے بعد مکمل طور پر یونانی طریقہ علاج کو اختیار کرکے کامیابی حاصل کر رہی ہیں اور یونانی ڈاکٹروںکی حوصلہ افزائی کے لیے مثال بھی قائم کر رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais