
علی گڑھ, 21 مئی (ہ س)۔
گزشتہ پانچ دنوں سے شہر کی اہم سڑکوں پر مکمل بندش کے باعث تاجر، طلبہ، مریض اور عام شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ سڑک بند ہونے کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں، جبکہ شدید گرمی کے دوران لوگوں کو طویل جام اور آمد و رفت میں دشواری پیش آ رہی ہے۔
اسی مسئلے کو لے کر آج دودھ پور ویاپار منڈل کے ایک وفد نے سابق میئر امیدوار اور بی ایس پی رہنما سلمان شاہد سے ملاقات کی اور سڑک بندش کے خلاف اپنا احتجاج درج کرایا۔
اس موقع پر سلمان شاہد نے میونسپل کارپوریشن کے نظام اور جاری ترقیاتی کاموں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی بندش کی وجہ سے ہر طبقہ متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریض اسپتال پہنچنے، طلبہ اسکول جانے اور شہری روزمرہ ضروریات پوری کرنے میں مشکلات جھیل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ سے ریہڑی، پٹری اور چھوٹے کاروبار سے وابستہ افراد معاشی بحران سے گزر رہے ہیں اور کئی بڑے تہوار گزرنے کے باوجود حالات میں بہتری نہیں آئی ہے، جبکہ اب عیدالاضحیٰ بھی قریب ہے۔سلمان شاہد نے سی ایم گرڈ اسکیم کے تحت جاری کاموں پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے الزام لگایا کہ نالوں کی تعمیر کا کام مؤثر طریقے سے نہیں ہو رہا اور مستقبل میں شہر کو آبی جمعاؤ کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ترقیاتی کاموں میں بے ضابطگیاں ہوئی ہیں تو مستقبل میں ان کی جانچ ہونی چاہیے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔اس موقع پر وفد کے اراکین نے شہری مسائل کے فوری حل کا مطالبہ بھی کیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ