
علی گڑھ, 20 مئی (ہ س) سر سید ہال (نارتھ) میں سالانہ کامن روم فیسٹیول ‘‘آغازِ شاہین’’ تین روزہ کھیل اور تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔
فیسٹیول کا افتتاح ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر محمد اطہر انصاری اور شعبہ سیاسیات کے ڈاکٹر عرفان الحق نے کیا۔ پہلے دن کامن روم سکریٹری عبدالرحمن اور وارڈن اِنچارج مسٹر کامران خان کی نگرانی میں کئی مقابلے منعقد ہوئے جن میں اسنوکر، شطرنج، کیرم، ٹیبل ٹینس، لوڈو، آرم ریسلنگ، بی جی ایم آئی، فری فائر اور 8 بال پول شامل تھے۔دوسرے دن آؤٹ ڈور مقابلوں میں طلبہ نے شوٹنگ، بیڈمنٹن، 100 میٹر دوڑ، شٹل رن اور سلو سائیکلنگ میں حصہ لیا۔
اختتامی تقریب میں ممبر انچارج لینڈ اینڈ گارڈنز اے ایم یو، پروفیسر انور شہزاد نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی، جبکہ سٹی مجسٹریٹ علی گڑھ جناب اتل گپتا اور شعبہ سیاسیات کے ڈاکٹر محمد اسلم مہمانانِ اعزازی کے طور پر موجود رہے۔
پرووسٹ پروفیسر جہانگیر شبیر خان نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر فاتحین، رنر اپ، منتظمین اور ہال کے عہدیداران کو اسناد اور تحائف سے نوازا گیا۔ کامن روم سکریٹری عبدالرحمن نے اظہار تشکر کیا۔ مسٹر کامران خان، ڈاکٹر ظفر افتخار، ثاقب علی، محمد ابوذر، عامر سہیل اور عبداللہ خان اس موقع پر موجود رہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ