سانبہ پولیس نےعادی منشیات فروش کو جیل بھیجا
جموں, 20 مئی (ہ س)جموں و کشمیر میں منشیات کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک کے خلاف جاری سخت مہم کے دوران سانبہ پولیس نے ایک اہم کارروائی انجام دیتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروش نارائن شرما عرف شنّا کو انسداد منشیات اسمگلنگ قانون این ڈی پی ایس کے تحت حراست می
Drug


جموں, 20 مئی (ہ س)جموں و کشمیر میں منشیات کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک کے خلاف جاری سخت مہم کے دوران سانبہ پولیس نے ایک اہم کارروائی انجام دیتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروش نارائن شرما عرف شنّا کو انسداد منشیات اسمگلنگ قانون این ڈی پی ایس کے تحت حراست میں لے کر سینٹرل جیل کوٹ بھلوال جموں منتقل کر دیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق ملزم کی شناخت نارائن شرما عرف شنّا ولد بریتا لال شرما سکنہ وجے پور، ضلع سانبہ کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ مبینہ طور پر منشیات کی اسمگلنگ اور فروخت کے ایک منظم نیٹ ورک میں سرگرم تھا اور اس کے خلاف پولیس تھانہ رام گڑھ (سانبہ) اور آر ایس پورہ (جموں) میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت متعدد مقدمات پہلے سے درج ہیں۔

حکام نے بتایا کہ نارائن شرما عرف شنّا نہ صرف ایک عادی منشیات فروش ہے بلکہ وہ مبینہ طور پر علاقے کے بدنام شلو گینگ سے بھی وابستہ رہا ہے۔ پولیس کے مطابق اس کی سرگرمیاں نوجوان نسل کو منشیات کی لت میں دھکیلنے اور علاقے کے امن و سماجی ڈھانچے کو متاثر کرنے کا سبب بن رہی تھیں۔سانبہ پولیس نے ملزم کی مسلسل غیر قانونی سرگرمیوں، مجرمانہ ریکارڈ اور منشیات کی تجارت میں اس کے مبینہ کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک جامع ڈوزیئر تیار کر کے ڈویژنل کمشنر جموں کو ارسال کیا۔ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ڈویژنل کمشنر کی جانب سے حراستی حکم جاری کیا گیا، جس کے تحت ملزم کو گرفتار کر کے سینٹرل جیل کوٹ بھلوال منتقل کیا گیا۔پولیس حکام نے کہا کہ جموں و کشمیر کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔ انہوں نے عوام، خصوصاً نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ منشیات کے خلاف مہم میں پولیس کا ساتھ دیں اور مشتبہ سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande