
علی گڑھ، 20 مئی (ہ س)۔ ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج، اے ایم یو کے شعبہ پروستھوڈونٹکس کے چیئرمین پروفیسر ابھینو گپتا نے حال ہی میں قزاخستان کے شہر المآتی میں منعقدہ ایک بین الاقوامی کانفرنس میں ‘‘پٹریگوئڈ ڈینٹل امپلانٹس’’ کے موضوع پر لیکچر دیا اور عملی تربیتی کورس بھی منعقد کیا۔
کانفرنس کے دوران پروفیسر گپتا نے شدید طور پر کمزور اوپری جبڑے (ایٹروفک میکزیلا) کے مریضوں کی بحالی میں پٹریگوئڈ ڈینٹل امپلانٹس کے استعمال سے متعلق جدید کلینیکل معلومات پیش کیں، جہاں روایتی امپلانٹس کے لیے اوپری جبڑے میں ہڈی کی مقدار نہایت کم ہوتی ہے۔ ان کی پیشکش میں ایسے جدید طبی طریقوں کو اجاگر کیا گیا جن کے ذریعے نہایت پیچیدہ ڈینٹل حالات میں بھی امپلانٹ کی مدد سے کامیاب بحالی ممکن ہوسکتی ہے۔
لائیو ڈیمونسٹریشن اور عملی سیشنز کو بین الاقوامی مندوبین، معالجین اور امپلانٹولوجی کے ماہرین نے سراہا۔
ڈاکٹر زیڈ اے ڈینٹل کالج کی اس طرح کے مؤقر علمی پلیٹ فارم پر شرکت، منھ اور دانتوں کی صحت کے میدان میں جدید علاج و تحقیق کے محاذ پر اے ایم یو کی نمایاں خدمات کی عکاس ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ