
جموں, 20 مئی (ہ س)ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او) کے ریجنل آفس جموں نے ای پی ایس-95 پنشن یافتگان اور خاندانی پنشن حاصل کرنے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی سالانہ لائف سرٹیفکیٹ بروقت جمع کرائیں تاکہ پنشن کی ادائیگی بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہ سکے۔
ریجنل آفس جموں کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق تمام پنشن یافتگان کیلئے ہر سال لائف سرٹیفکیٹ جمع کرانا لازمی ہے۔ حکام نے کہا کہ مقررہ مدت میں سرٹیفکیٹ جمع نہ کرانے کی صورت میں پنشن کی ادائیگی عارضی طور پر متاثر ہو سکتی ہے۔
ای پی ایف او کے مطابق لائف سرٹیفکیٹ جمع کرانے کے عمل کو اب مزید آسان، شفاف اور ڈیجیٹل بنا دیا گیا ہے تاکہ بزرگ پنشن یافتگان کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
پنشن یافتگان اب گھر بیٹھے موبائل فون پر جیون پرمان ایپ کے ذریعے آدھار پر مبنی فیس آتھنٹیکیشن ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ جمع کرا سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ قریبی ای پی ایف او دفتر، بینک شاخوں، کامن سروس سینٹرز (سی ایس سی) اور ڈاک خانوں میں بھی لائف سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی سہولت دستیاب ہے۔
ریجنل پروویڈنٹ فنڈ کمشنر-اول سمیت سنگھ نے کہا کہ ای پی ایف او پنشن یافتگان کو بہتر خدمات فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔
انہوں نے پنشن یافتگان سے اپیل کی کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار نہ کریں اور کسی بھی پریشانی سے بچنے کیلئے جلد از جلد اپنے لائف سرٹیفکیٹ جمع کرائیں۔
ریجنل آفس جموں نے مزید بتایا کہ دفتر کے اوقات کار کے دوران پنشن یافتگان کو خصوصی رہنمائی اور مدد بھی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ سرٹیفکیٹ جمع کرانے کے عمل کو آسان بنایا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر