
ممبئی ، 20 مئی (ہ س)۔ کونکن ڈویژن کے رائے گڑھ ضلع میں پنویل تحصیل دفتر کے منڈل افسر گووردھن نانا مانے کو رائے گڑھ اینٹی کرپشن بیورو کی ٹیم نے 19 مئی 2026 کی شام تقریباً 6 بج کر 10 منٹ پر 30 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ٹھانے اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے بدھ کو دی گئی معلومات کے مطابق شکایت کنندہ اور ان کی اہلیہ کے نام پر موجود زمین کے سات بارہ اندراج کے لیے پنویل تحصیل دفتر کے منڈل افسر گووردھن نانا مانے نے 50 ہزار روپے رشوت طلب کی تھی۔اس سلسلے میں شکایت کنندہ نے 16 مئی 2026 کو علی باغ واقع رائے گڑھ اینٹی کرپشن بیورو دفتر میں شکایت درج کرائی تھی۔ اینٹی کرپشن بیورو نے 18 مئی کو کی گئی جانچ میں شکایت کو درست پایا تھا۔ اس دوران 19 مئی 2026 کو منڈل افسر گووردھن نانا مانے باہمی رضامندی کے بعد رشوت کی رقم 50 ہزار سے کم کر کے 30 ہزار روپے لینے پر آمادہ ہو گئے تھے۔اسی دن شام 6 بج کر 10 منٹ پر پنویل کے شیو شمبھو ناکہ، پنچ مکھی ہنومان مندر کے قریب، پنچوں کی موجودگی میں گووردھن نانا مانے شکایت کنندہ سے 30 ہزار روپے رشوت وصول کر رہے تھے کہ رائے گڑھ اینٹی کرپشن بیورو کی ٹیم نے انہیں گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی ٹھانے اینٹی کرپشن بیورو کے پولیس سپرنٹنڈنٹ شیوراج پاٹل کی رہنمائی میں رائے گڑھ بیورو کی پولیس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سریتا بھوسلے کی قیادت میں ونود جادھو اور مہیش پاٹل نے انجام دی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے