
سیوان، 2 مئی (ہ س)۔سیوان پولیس نے فعال پولیسنگ کے ذریعے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ آپریشن نیا سویرا کے تحت پولیس نے 21 نابالغ لڑکیوں کو بچایا جن کا آرکیسٹرا میں استحصال کیا جا رہا تھا۔ خاتون سمیت دو آپریٹر کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ پورن کمار جھا کے مطابق سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی ہدایات پر جسم فروشی اور انسانی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے خصوصی آپریشن شروع کیا گیا۔ ایک خفیہ اطلاع کی بنیاد پر پچروکھی تھانہ علاقے میں کام کرنے والے آرکسٹرا کے مقامات پر چھاپہ ماری کی گئی ۔
چھاپہ ماری کے دوران مختلف ریاستوں سے لائی گئی 21 نابالغ لڑکیوں کو بچایا گیا۔ ان لڑکیوں میں مغربی بنگال، آسام، بہار، جھارکھنڈ، اتر پردیش اور نیپال کی لڑکیاں شامل ہیں۔ تمام لڑکیوں کے نام، پتے اور عمر کی تصدیق کی جا رہی ہے۔ ان کو کن حالات میں لایا گیا اور اس میں ملوث بدمعاشوں کا تعین کرنے کے لیے تفتیش جاری ہے۔
پولیس نے اس معاملے میں پچروکھی تھانہ میں معاملہ درج کرلیا ہے اور ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔ چھاپہ مار ی ٹیم میں خاتون تھانہ انچارج سمیت کئی پولیس افسران اور اے ایچ ٹی یو (انسداد انسانی اسمگلنگ یونٹ) کے ارکان شامل تھے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خواتین یا بچوں کے استحصال یا اسمگلنگ سے متعلق کوئی بھی اطلاع فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن یا 112 پر ڈائل کریں۔ اطلاع دینے والے کی شناخت خفیہ میں رکھی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan