
جموں و کشمیر حکومت نے محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس میں بڑے پیمانے پر تبادلے کیے
جموں، 15 مئی (ہ س)۔ جموں و کشمیر حکومت نے محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس میں بڑے پیمانے پر تبادلے اور نئی تعیناتیاں عمل میں لاتے ہوئے کئی افسران کو فوری طور پر نئی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔سرکاری حکم نامے کے مطابق متعدد اِنچارج ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس آفیسرز اور فزیکل ایجوکیشن لیکچررز کو جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں تعینات کیا گیا ہے۔
حکم نامے کے تحت سنیل کمار کو شوپیان سے کٹھوعہ منتقل کیا گیا ہے جبکہ سنیل سنگھ سمبیال کو کٹھوعہ سے سانبہ تعینات کیا گیا ہے۔ دھرم ویر سنگھ کو سانبہ سے ریاسی بھیجا گیا ہے جبکہ جگدیش راج شرما کو رام بن سے اسسٹنٹ ڈائریکر جموں مقرر کیا گیا ہے۔ ترسم سنگھ کو ریاسی سے ادھم پور منتقل کیا گیا ہے۔ شفقت احمد، جو گاندربل کے ساتھ بارہمولہ کا اضافی چارج بھی سنبھال رہے تھے، اب انہیں ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس آفیسر کپواڑہ تعینات کیا گیا ہے۔
دریں اثنا، ظہور احمد وانی اور مشتاق احمد پمپوری، جو ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ منسلک تھے، اُن کو بالترتیب اننت ناگ اور بارہمولہ کا یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس افسر مقرر کیا گیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق غلام حسن لون، جو اس وقت سرینگر میں ڈی وائی ایس ایس او کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، گاندربل کا اضافی چارج بھی سنبھالیں گے۔اس کے علاوہ ڈوڈہ، کُلگام، شوپیان، بڈگام، رام بن اور راجوری اضلاع میں بھی کئی افسران کو اضافی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ یہ تبادلے اور نئی تعیناتیاں کمشنر، سکریٹری محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری کی جانب سے جاری احکامات کے تحت عمل میں لائی گئی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر