
حیدرآباد ، 15 مئی (ہ س)، کانگریس کے سینئر لیڈراور سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنومنت راؤ نے آج تلنگانہ حکومت کے مشیربرائے بی سی طبقات کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔ وی ہنومنت راؤ کوتلنگانہ سکریٹریٹ میں چیمبرالاٹ کیا گیا ہے۔ ہنومنت راؤ نے خصوصی پوجا کے درمیان عہدہ کی ذمہ داری سنبھالی اور عہد کیا کہ وہ تلنگانہ میں پسماندہ طبقات کو انصاف دلانے کےلئے حکومت کو تجاویز پیش کریں گے۔عامرعلی خاں نے وی ہنومنت راؤ کو حکومت کے مشیر کی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور تہنیت پیش کی۔ اُنھوں نے ذمہ داری کی مؤثر طورپر تکمیل کےلئے نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔ ہنومنت راؤ کے جائزہ حاصل کرنے کے موقع پر وزیر بہبودی بی سی طبقات پونم پربھاکر، سابق وزیر کے جانا ریڈی، وزیر اسپورٹس وی سری ہری، او بی سی کارپوریشن کے صدرنشین رکن اسمبلی شنکریا، گورنمنٹ چیف وہپ اے سرینواس، رکن اسمبلی ڈی ناگیندر، رکن اسمبلی راج ٹھاکر، رکن کونسل بسوا راج ساریا، مختلف کارپوریشنوں کے صدورنشین اور کانگریس کے سینئر قائدین بھی موجود تھے۔ جنہوں نے ہنومنت راؤ کو تہنیت پیش کی۔ اِس موقع پروزیر بہبودی پسماندہ طبقات پونم پربھاکر نے کہاکہ حکومت نے پسماندہ طبقات کی بھلائی کے لئے ایک سینئر قائد کو مشیر مقرر کیا ہے۔ اُنھوں نے اُمید ظاہر کی کہ سماجی انصاف کو یقینی بنانے میں ہنومنت راؤ کی تجاویز کا اہم رول رہے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ طبقاتی سروے کے ذریعہ ملک میں رول ماڈل بننے والی تلنگانہ حکومت نے ہنمنت راؤ کے طویل تجربہ سے استفادہ کرنے کےلئے اُنھیں اہم ذمہ داری دی ہے۔ ہنومنت راؤ نے کہاکہ حکومت نے اُن سے پسماندہ طبقات کی بھلائی اورترقی کے سلسلہ میں جو توقعات وابستہ کی ہیں وہ اُنھیں پورا کریں گے۔
۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق