
نئی دہلی، 15 مئی (ہ س)۔ ہاکی انڈیا نے ہیرو ہاکی انڈیا لیگ 2027 کے لیے کھلاڑیوں کے رجسٹریشن کے عمل کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ کھلاڑیوں کی نیلامی ستمبر 2026 میں ہو گی، جبکہ رجسٹریشن 15 مئی 2026 کو صبح 11 بجے شروع ہو چکی ہے۔
2024-25کے سیزن میں لیگ کی کامیاب واپسی اور-26 2025 ایڈیشن کی مقبولیت کے بعد آنے والے سیزن کو مزید شاندار بنانے کی تیاریاں جاری ہیں۔ جنوری 2027 میں منعقد ہونے والی، ہیرو ہاکی انڈیا لیگ میں ہندوستان اور دنیا بھر کے کئی سرکردہ ہاکی ممالک کے کھلاڑی شامل ہوں گے۔
ہاکی انڈیا کے مطابق ہندوستانی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے مرد اور خواتین دونوں زمروں میں رجسٹریشن کھلے ہیں۔ لیگ نے عالمی ہاکی میں اپنی مضبوط موجودگی قائم کی ہے اور یہ کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر اپناجوہر دکھانے کے لیے ایک بڑا پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے۔
مردوں کے زمرے میں اہل ممالک
بھارت،نیدرلینڈ، بیلجیم، آسٹریلیا، انگلینڈ، ارجنٹینا، جرمنی، اسپین، آئرلینڈ، فرانس، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ملائیشیا اور جاپان۔
خواتین کے زمرے کے لیے اہل ممالک
بھارت، نیدرلینڈ، ارجنٹینا، بیلجیم، چین، سپین، انگلینڈ، جرمنی، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، چلی، امریکہ، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور جاپان۔
رجسٹریشن سے متعلق اہم معلومات
15 مئی 2026، صبح:00 11سے رجسٹریشن کھلا ہے۔
رجسٹریشن کی آخری تاریخ: 24 جولائی 2026، آدھی رات ہے۔
گزشتہ سیزن میں، ہیرو ہاکی انڈیا لیگ کی نیلامی کے لیے 1,000 سے زیادہ کھلاڑیوں نے اندراج کیا تھا۔ ان میں 500 سے زیادہ ہندوستانی مرد، 350 ہندوستانی خواتین اور 240 سے زیادہ غیر ملکی کھلاڑی شامل تھے۔ یہ لیگ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور عالمی اپیل کی عکاسی کرتا ہے۔
گزشتہ ایڈیشن میں خواتین کے زمرے کا ٹائٹل ایس جی پائپرز نے جیتا تھا جبکہ مردوں کے زمرے میں ویدانتا کلنگا لانسر چیمپئن بنی تھی۔
ہاکی انڈیا کے صدر ڈاکٹر دلیپ ترکی نے کہا، ہیرو ہاکی انڈیا لیگ نے خود کو عالمی ہاکی کے سب سے دلچسپ پلیٹ فارمز میں سے ایک کے طور پر دوبارہ قائم کیا ہے۔ گزشتہسیزن میں کھلاڑیوں اور شائقین کی جانب سے زبردست جوش و خروش دیکھا گیا تھا۔ ہمیں امید ہے کہ 2027 کا ایڈیشن اور بھی بڑا اور مسابقتی ہوگا۔
ہاکی انڈیا کے سیکرٹری جنرل بھولا ناتھ سنگھ نے کہا، گزشتہ ایڈیشنز کی کامیابی نے لیگ کو ایک نئی شناخت دی ہے۔ کھلاڑیوں کی بڑھتی ہوئی شرکت اس پلیٹ فارم پر ان کے اعتماد کو ظاہر کرتی ہے۔ یہ لیگ نہ صرف عالمی معیار کی ہاکی کو فروغ دیتی ہے بلکہ ہندوستانی ہاکی کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
ہیرو ہاکی انڈیا لیگ 2027 میں ایک بار پھر دنیا بھر سے ہونہار کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے نظر آئیں گے، جس سے ہندوستانی ہاکی کو مزید مضبوطی اورترقی ملنے کی امید ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی