
کارلو اینسلوٹی فیفا ورلڈ کپ 2030 تک برازیل ٹیم کے کوچ برقرار رہیں گے
نئی دہلی، 15 مئی (ہ س)۔ برازیل فٹ بال فیڈریشن (سی بی ایف) نے جمعرات کو تصدیق کی ہے کہ چیف کوچ کارلو اینسلوٹی نے برازیل کی قومی ٹیم کے ساتھ اپنے معاہدے میں 2030 فیفا ورلڈ کپ تک توسیع کر دی ہے۔ نیا معاہدہ اگلے چار برسوں تک موثر رہے گا۔ اینسلوٹی کو گزشتہ سال مئی میں برازیل کا چیف کوچ مقرر کیا گیا تھا۔ ان کی رہنمائی میں برازیل نے 2026 فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا، جس کا انعقاد 11 جون سے امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا میں ہوگا۔
اب تک اینسلوٹی کی مدتِ کار میں برازیل نے 10 میچ کھیلے ہیں، جن میں ٹیم کو پانچ جیت، دو ڈرا اور تین شکست ملی ہیں۔ ان کا ہدف برازیل کو ریکارڈ چھٹی بار ورلڈ کپ چیمپئن بنانا ہے۔
کارلو اینسلوٹی نے ایک سرکاری بیان میں کہا، ’’میں ایک سال پہلے برازیل آیا تھا۔ پہلے ہی منٹ سے مجھے سمجھ آ گیا تھا کہ اس ملک کے لیے فٹ بال کیا معنی رکھتا ہے۔ گزشتہ ایک سال سے ہم برازیل کی قومی ٹیم کو پھر سے عالمی فٹ بال کی بلندیوں پر پہنچانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ لیکن سی بی ایف اور میں اس سے بھی زیادہ چاہتے ہیں — زیادہ جیت، زیادہ وقت اور زیادہ محنت۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے بیحد خوشی ہو رہی ہے کہ ہم اگلے چار برسوں تک ساتھ برقرار رہیں گے۔ ہم 2030 ورلڈ کپ تک ساتھ کام کریں گے۔ میں سی بی ایف کا ان کے اعتماد کے لیے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ برازیل، آپ کا پرتپاک خیرمقدم کرنے اور اتنا پیار دینے کے لیے شکریہ۔‘‘
برازیل فٹ بال فیڈریشن (سی بی ایف) کے صدر سمیر شاود نے کہا، ’’کارلو اینسلوٹی کے معاہدے کی تجدید ہمارے اس عزم کی سمت میں ایک اور مضبوط قدم ہے، جس کے تحت ہم پانچ بار کی ورلڈ چیمپئن قومی ٹیم کو مزید مضبوط، جدید اور مسابقتی بنانا چاہتے ہیں۔ ہم ہر دن اس سمت میں کام کر رہے ہیں کہ برازیل عالمی فٹ بال کے اعلیٰ ترین درجے پر برقرار رہے۔ ساتھ ہی ہم دیگر قومی ٹیموں کی ترقی، سی بی ایف کے ذریعے منعقدہ مقابلوں اور ملک بھر کے کلبوں اور انجمنوں کو مضبوط کرنے پر بھی خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔‘‘
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن