
دھرم شالہ، 15 مئی (ہ س)۔ ممبئی انڈینس کے آل راو¿نڈر شاردول ٹھاکر نے کپتان ہاردک پانڈیا کی غیر موجودگی کے بارے میں قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا، اور واضح کیا کہ وہ چوٹ کی وجہ سے آخری تین میچوں سے باہر ہو گئے تھے۔ شاردول نے امید ظاہر کی کہ ہاردک کولکاتا نائٹ رائڈرس کے خلاف اگلے میچ میں واپس آسکتے ہیں۔ہاردک پانڈیا دھرم شالہ میں پنجاب کنگز کے خلاف جمعرات کے میچ کے لیے ٹیم کے ساتھ سفر کرنے سے قاصر تھے۔ اس میچ میں جسپریت بمراہ نے ممبئی انڈینز کی کپتانی کی تھی۔ اس سے قبل سوریہ کمار یادو بھی بچے کی پیدائش کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہوگئے تھے۔
جمعرات کو میچ کے بعد پریس کانفرنس میں، شاردول ٹھاکر نے کہا،’ہاردک زخمی ہیں، اس لیے وہ آخری چند میچوں کے لیے ٹیم کے ساتھ سفر نہیں کر سکے۔‘ شاردول نے مزید کہا،’وہ رائے پور گئے لیکن کھیل نہیں سکے۔ وہ اس وقت ممبئی میں پریکٹس کر رہے ہیں، اور مجھے امید ہے کہ وہ کولکاتا واپس آکر 20 مئی کو ایڈن گارڈنز میں ہونے والے میچ میں کھیلیں گے۔ ہمیں ہمیشہ ایسے کھلاڑیوں کی کمی محسوس ہوتی ہے۔’ انہوں نے مزید کہا،سوشل میڈیا پر بہت سی چیزیں گردش کرتی ہیں، کچھ سچ اور کچھ غلط۔ لیکن دھرم شالہ نہ جانے کا فیصلہ ٹیم مینجمنٹ نے کیا تھا۔‘
ہاردک کمر میں درد کی وجہ سے 4 مئی کو لکھنو سپر جائنٹس کے خلاف میچ نہیں کھیل سکے تھے۔ اس کے بعد وہ ٹیم کے ساتھ رائے پور گئے، لیکن رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف میدان میں نہ اتر سکے۔ یہ سیزن ہاردک پانڈیا کے لیے بطور کپتان اور ایک کھلاڑی دونوں ہی مایوس کن رہا ہے۔ انہوں نے آٹھ اننگز میں 20.85 کی اوسط اور 136.44 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 146 رنز بنائے ہیں۔ ان کا سب سے زیادہ سکور 40 رنز ہے۔ باولنگ میں انہوں نے 20.4 اوورز میں صرف چار وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ ان کی اوسط 61.50 اور اکانومی ریٹ 11.90 کے قریب رہا ہے۔ممبئی انڈینز اور لکھنو سپر جائنٹس آئی پی ایل 2026 میں پلے آف کی دوڑ سے باہر ہونے والی پہلی دو ٹیمیں بن گئی ہیں۔ لیگ مرحلے کے تین میچ باقی ہیں۔ ہاردک کی خراب کارکردگی کے بعد، چنئی سپر کنگز اور دہلی کیپٹلز جیسی فرنچائزز میں ان کے جانے کے بارے میں سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں تیز ہوگئیں۔ تاہم شاردول ٹھاکر نے ان خبروں کو مسترد کر دیا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan