
کولکاتا پولیس کے ڈی سی شانتنو سنہا وشواس کو ای ڈی نے گرفتار کیا
کولکاتا، 15 مئی (ہ س)۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے سونا پاپو کیس میں طویل پوچھ گچھ کے بعد کولکاتا پولیس کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی پی) شانتنو سنہا وشواس کو گرفتار کر لیا ہے۔ مرکزی ایجنسی نے جمعرات کی رات انہیں حراست میں لیا۔ جمعہ کو انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ جمعہ کی صبح ای ڈی کے ایک افسر نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ جانچ میں مکمل طور پر عدم تعاون کر رہے تھے جس کی وجہ سے انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، جمعرات کی صبح سے ہی کولکاتا کے سی جی او کمپلیکس میں واقع ای ڈی کے دفتر میں شانتنو سنہا وشواس سے پوچھ گچھ کی جا رہی تھی۔ تقریباً ساڑھے 10 گھنٹے تک جاری رہنے والی پوچھ گچھ کے بعد رات تقریباً 10 بجے ان کی گرفتاری عمل میں آئی۔ ای ڈی اس سے پہلے بھی سونا پاپو کیس میں پوچھ گچھ کے لیے شانتنو کو کئی بار طلب کر چکی تھی۔ الزام ہے کہ وہ مسلسل سمن سے بچتے رہے۔ جانچ ایجنسی نے ان کی رہائش گاہ پر تلاشی مہم بھی چلائی تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ کولکاتا اور دہلی میں واقع ای ڈی کے دفاتر کی جانب سے بھی مختلف معاملات میں انہیں بلایا گیا تھا۔ ایک کیس میں سمن ملنے کے بعد انہوں نے کلکتہ ہائی کورٹ سے بھی رجوع کیا تھا۔
مسلسل پوچھ گچھ سے بچنے کی وجہ سے ای ڈی نے ان کے خلاف لک آوٹ نوٹس بھی جاری کیا تھا، تاکہ وہ ملک چھوڑ کر باہر نہ جا سکیں۔ جانچ ایجنسی کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سونا پاپو اور اس کے قریبی لوگوں کے ساتھ شانتنو کے کچھ مالی لین دین کے تعلقات ملے ہیں۔ مالی بے ضابطگیوں کے الزام میں گرفتار تاجر جے کامدار سے برآمد شدہ دستاویزات میں بھی شانتنو کا نام سامنے آیا تھا۔
قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ ای ڈی نے پاپو کیس کی جانچ کے سلسلے میں فرن روڈ پر واقع شانتنو سنہا وشواس کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ یہ مہم صبح سے شروع ہو کر دیر رات تک چلی تھی۔ تلاشی کے دوران شانتنو عوامی طور پر نظر نہیں آئے تھے۔ اس کے اگلے دن ای ڈی نے شانتنو اور ان کے دونوں بیٹوں ساینتن اور منیش کو سی جی او کمپلیکس میں حاضر ہونے کے لیے بلایا تھا، لیکن وہ وہاں نہیں پہنچے تھے۔
اس کے علاوہ اپریل میں ای ڈی نے انہیں ریت کی اسمگلنگ کیس کی جانچ میں بھی طلب کیا تھا۔ تاہم، اس وقت وہ خود حاضر نہیں ہوئے تھے اور ان کی جانب سے ان کے وکیل ای ڈی کے دفتر پہنچے تھے۔ ذرائع کے مطابق، انہوں نے دیگر کاموں میں مصروفیت کا حوالہ دے کر ایجنسی سے وقت مانگا تھا۔ اسمبلی انتخابات کا عمل مکمل ہونے کے بعد جمعرات کو وہ ای ڈی کے دفتر پہنچے، جہاں دیر رات انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن