
حیدرآباد ، 15 مئی (ہ س) ۔الیکشن کمیشن آف انڈیانے تلگوریاستوں تلنگانہ اورآندھراپردیش کے بشمول 16 ریاستوں اور3 مرکزی زیرانتظام علاقوں میں تیسرے مرحلہ کے تحت فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم ایس آئی آر کا اعلان کیا ہے جس پر30 مئی سے مرحلہ وارعمل آوری ہوگی۔ تیسرے مرحلہ کے تحت الیکشن کمیشن ملک کی تمام ریاستوں میں فہرست رائے دہندگان پرنظرثانی کا عمل مکمل کرلے گا۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے علاوہ دہلی، اڈیشہ، میزورم، سکم، منی پور، اتراکھنڈ، آندھراپردیش، اروناچل پردیش، ہریانہ، چندی گڑھ، پنجاب، کرناٹک، میگھالیہ، مہاراشٹرا، جھارکھنڈ، ناگالینڈ، تریپورہ، دادر اور نگر حویلی اور دمن اینڈ ڈیو میں مختلف مراحل میں ایس آئی آر مہم چلائی جائے گی۔ تلنگانہ میں ایس آئی آر مہم کے شیڈول کی اجرائی کے وقت الیکشن کمیشن نے 12 مئی 2026ء تک رائے دہندوں کی تعداد 33920705 درج کی ہے۔ تلنگانہ میں بوتھ لیول آفیسرس (بی ایل او) 25 جون تا 24 جولائی گھرگھر پہونچ کررائے دہندوں کے بارے میں تفصیلات حاصل کریں گے۔ 24 جولائی تک پولنگ اسٹیشنوں کے تحت رائے دہندوں کی تعداد کے تعین کا کام مکمل کرلیاجائے گا۔ 31 جولائی کو فہرست رائے دہندگان کا مسودہ جاری کیا جائے گا۔ 31 جولائی تا 30 اگست دعوے اوراعتراضات داخل کئے جاسکتے ہیں۔ 28 ستمبر تک دعوؤں اور اعتراضات کی یکسوئی کردی جائے گی اور یکم اکٹوبر2026ء کو قطعی فہرست رائے دہندگان جاری ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے سیاسی پارٹیوں پر زور دیا ہے کہ وہ بوتھ لیول ایجنٹس کا تقرر کریں تاکہ ہر پولنگ اسٹیشن کی سطح پرخصوصی نظرثانی مہم میں سیاسی پارٹیوں کی مکمل شمولیت کو یقینی بنایا جاسکے اور اِس مہم کو مکمل شفافیت کے ساتھ پایہ تکمیل کو پہنچایا جائے۔ اِسی دوران چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سی سدرشن ریڈی نے خصوصی نظرثانی مہم کے سلسلہ میں ضلع کلکٹرس کو رہنمایانہ خطوط جاری کئے۔
۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق