
ممبئی، 15 مئی (ہ س)۔ راشٹروادی کانگریس پارٹی (اے پی) کے ترجمان اور سابق رکن پارلیمنٹ آنند پرانجپے جمعہ کو شیو سینا کے شندے گروپ میں شامل ہوگئے۔ اس بات کی اطلاع شیوسینا شندے گروپ کے سینئررہنما اوروزیرادئے سامنت نے دی۔ ادے سامنت نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آنند پرانجپے آج باضابطہ طورپرشیوسینا شندے گروپ میں شامل ہو گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں پارٹی صدرایکناتھ شندے نے این سی پی اے پی کے سینئر رہنماؤں سے بات چیت کے بعد فیصلہ کیا۔ادئے سامنت نے واضح کیا کہ آنندپرانجپے کی شمولیت سے مہاراشٹر میں بھارتیہ جنتا پارٹی، این سی پی اے پی اور شیو سینا شندے گروپ پرمشتمل مہایوتی اتحاد کے درمیان کسی قسم کی ناراضگی یا اختلافات پیدا نہیں ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آنند پرانجپے نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز شیو سینا سے کیا تھا، اسی لیے اب وہ دوبارہ اپنی اصل جماعت میں واپس آئے ہیں۔ادے سامنت نے مزید کہا کہ اتحادی جماعتوں کے درمیان اس بات پراتفاق موجود ہے کہ سبھی پارٹیاں “اتحاد دھرم” پر عمل کریں گی، تاہم اگر کوئی عہدیدار اپنی مرضی سے پارٹی چھوڑنا چاہے تو یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسے اتحاد کے اندر ہی برقرار رکھیں۔قابل ذکر ہے کہ آنند پرانجپے این سی پی اے پی میں ترجمان کے عہدے پر فائز تھے۔ انہوں نے آج این سی پی اے پی کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے دیا اور ممبئی میں منعقدہ ایک سادہ تقریب کے دوران شیو سینا شندے گروپ میں شمولیت اختیار کی۔آنند پرانجپے نے اس موقع پر این سی پی اے پی کی قیادت یا پارٹی رہنماؤں کے خلاف کسی قسم کی ناراضگی ظاہر نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی مرضی سے شیو سینا شندے گروپ میں شامل ہوئے ہیں اور انہیں کسی بھی رہنما سے کوئی شکایت نہیں ہے۔ سیاسی حلقوں میں آنند پرانجپے کی شمولیت کو مہاراشٹر کی موجودہ سیاسی صورتحال میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے