
بھوپال میں آج سے ہندوستان-آسٹریلیا انڈر-18 ہاکی سیریز کا آغاز
بھوپال، 15 مئی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش محکمہ کھیل و بہبودِ نوجوانان کے زیرِ اہتمام بھوپال میں آج سے ہندوستان بمقابلہ آسٹریلیا انڈر-18 ہاکی سیریز کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ یہ مقابلہ آئندہ ایشیا کپ کی تیاریوں کے نقطۂ نظر سے بیحد اہم مانا جا رہا ہے۔ اس میں نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح کا تجربہ حاصل ہوگا۔ تین دن پہلے ہی دونوں ملکوں کی ٹیمیں بھوپال پہنچ چکی ہیں۔
یہ بین الاقوامی ہاکی سیریز 20 مئی تک بھوپال کے ادھو داس مہتا (بھائی جی) سینٹرل سینٹر میں کھیلی جائے گی۔ اس سیریز میں ہندوستانی اور آسٹریلیائی انڈر-18 مرد و خواتین ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ اس میں مردوں کے زمرے کے مقابلے 15 مئی، 17 مئی، 18 مئی اور 20 مئی کو کھیلے جائیں گے۔ وہیں خواتین کے زمرے کے میچ بھی انہی تاریخوں میں منعقد ہوں گے۔ تمام مقابلے ادھو داس مہتا (بھائی جی) سینٹرل سینٹر میں ہی ہوں گے۔
اس بین الاقوامی سیریز میں مدھیہ پردیش ہاکی اکیڈمی بھوپال کے کل 10 کھلاڑیوں کا ہندوستانی ٹیم میں انتخاب ہوا ہے۔ مردوں کی ٹیم میں آیوش رجک، انش بہوترا، کرن گوتم، اوی مانک پوری، سدھارتھ بین اور غازی خان شامل ہیں۔ وہیں خواتین کی ٹیم میں اسنیہا داوڑے، مہک پرہار، نمی گیتا شری اور نوشین ناز ہندوستان کی نمائندگی کریں گی۔ گھریلو میدان پر کھیلنے کے حوالے سے کھلاڑیوں میں خاصا جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔
مدھیہ پردیش کے وزیرِ کھیل و نوجوان بہبود وشواس کیلاش سارنگ نے تمام کھلاڑیوں اور کوچز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ سیریز ریاست کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش حکومت کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے اور اس طرح کے پروگرام نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر بہتر کارکردگی کے لیے ترغیب دیں گے۔
انڈر-18 ایشیا کپ 2026 اس مہینے کے آخر میں جاپان کے کاکامیگاہارا میں منعقد کیا جائے گا۔ ہاکی انڈیا اور انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کے کیلنڈر کے مطابق، اس ٹورنامنٹ میں ایشیا کی صفِ اول کی جونیئر ٹیمیں حصہ لیں گی اور یہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے سینئر سطح تک پہنچنے کا اہم پلیٹ فارم مانا جاتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن