
تلک ورما کی طوفانی اننگز سے ممبئی کی شاندار جیت، پنجاب کو 6 وکٹوں سے ہرایا
دھرم شالہ، 15 مئی (ہ س)۔ ممبئی انڈینز نے جمعرات کو کھیلے گئے سنسنی خیز آئی پی ایل مقابلے میں پنجاب کنگز کو 6 وکٹوں سے ہرا کر شاندار جیت درج کی۔ دھرم شالہ کے ایچ پی سی اے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں ممبئی نے آخری اوور میں 15 رن بنا کر ہدف حاصل کر لیا۔ ٹیم کی جیت کے سب سے بڑے ہیرو تلک ورما رہے، جنہوں نے ناٹ آوٹ 75 رن کی دھماکہ خیز اننگز کھیلی۔ دوسری جانب پنجاب کنگز کی یہ مسلسل پانچویں شکست رہی۔
ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرنے اتری پنجاب کنگز نے 20 اووروں میں 8 وکٹ کے نقصان پر 200 رن بنائے۔ ٹیم کا آغاز اچھا رہا اور پربھسمرن سنگھ نے شاندار نصف سنچری بنائی۔ انہوں نے 57 رن کی اہم اننگز کھیلی۔ پریانش کے ساتھ پہلی وکٹ کے لیے 50 رن اور پھر کونولی کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 57 رنوں کی شراکت داری نے پنجاب کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔
مڈل آرڈر میں وکٹیں گرنے کے باوجود عظمت اللہ عمرزئی نے 17 گیندوں میں 38 رن کی تیز اننگز کھیل کر رن بنانے کی رفتار برقرار رکھی۔ آخر میں زیویئر بارٹلیٹ نے صرف 7 گیندوں میں ناٹ آوٹ 18 رن بنا کر ٹیم کو 200 رن کے پار پہنچا دیا۔ ممبئی کی جانب سے شاردل ٹھاکر سب سے کامیاب گیندباز رہے۔ انہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ دیپک چاہر نے 2 بلے بازوں کو آوٹ کیا۔
201 رن کے ہدف کا پیچھا کرنے اتری ممبئی انڈینز کے لیے ریان رکلٹن نے 48 رن کی تیز شروعات فراہم کی۔ اس کے بعد تلک ورما نے اننگز کو سنبھالتے ہوئے جارحانہ بلے بازی کی۔ انہوں نے صرف 33 گیندوں میں 75 رن بنائے اور آخر تک ناٹ آوٹ رہے۔
آخری اووروں میں ول جیکس نے بھی شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 10 گیندوں میں ناٹ آوٹ 25 رن بنائے۔ تلک اور جیکس کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 56 رن کی ناقابلِ شکست شراکت نے ممبئی کو جیت دلا دی۔ پنجاب کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ یوزویندر چہل اور مارکو یانسن کو 1-1 کامیابی ملی۔ اس جیت کے ساتھ ممبئی نے پلے آف کی دوڑ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن