پونے کے اسپتال میں بم جیسی مشتبہ شئے رکھنے والا ملزم شیواجی راٹھوڑ ناگپور سے گرفتار
ناگپور، 15 مئی (ہ س)۔ مہاراشٹر میں سیکورٹی ایجنسیوں نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے پونے کے ہڈپسرعلاقے میں واقع ایک اسپتال میں بم جیسی مشتبہ شئے رکھنے کے معاملے کے مرکزی ملزم کو ناگپور ریلوے اسٹیشن سے گرفتارکرلیا ہے۔ گرفتار ملزم کی شناخت شیواجی را
Crime Pune Hospital Bomb Scare


ناگپور، 15 مئی (ہ س)۔ مہاراشٹر میں سیکورٹی ایجنسیوں نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے پونے کے ہڈپسرعلاقے میں واقع ایک اسپتال میں بم جیسی مشتبہ شئے رکھنے کے معاملے کے مرکزی ملزم کو ناگپور ریلوے اسٹیشن سے گرفتارکرلیا ہے۔ گرفتار ملزم کی شناخت شیواجی راٹھوڑ کے طورپرہوئی ہے، جسے مہاراشٹراینٹی ٹیررزم اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے اس وقت حراست میں لیا جب وہ ٹرین کے ذریعے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ذرائع کے مطابق پونے کے ہڈپسر علاقے میں واقع اوشاکرن اسپتال کی پہلی منزل کے بیت الخلا میں بدھ کی شام تقریباً 7 بجے ٹائمر بم جیسی مشتبہ شئے ملنے کے بعد پورے علاقے میں ہنگامہ اور خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسپتال انتظامیہ نے فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا، جس کے بعد ہڈپسر پولیس، بم ناکارہ بنانے والا دستہ، فائر بریگیڈ اور دیگر سیکورٹی ایجنسیاں موقع پر پہنچ گئیں۔حفاظتی اقدامات کے تحت اسپتال میں موجود مریضوں، ان کے اہل خانہ اور عملے کو فوری طور پر باہر نکالا گیا، جس سے کچھ وقت کے لیے پورے علاقے میں شدید خوف کی فضا قائم ہو گئی۔جانچ کے دوران بم ناکارہ بنانے والے دستے نے پایا کہ مشتبہ شئے میں جیلاٹن کی سلاخیں اور ڈیجیٹل ٹائمر نصب تھا۔ اس کے بعد سیکورٹی ٹیموں نے اس مواد کو انتہائی احتیاط کے ساتھ ہٹا کر کنٹرولڈ طریقے سے ناکارہ بنا دیا۔واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اے ٹی ایس اور کرائم برانچ نے مشترکہ تحقیقات شروع کیں۔سی سی ٹی وی فوٹیج، کال ڈیٹیل ریکارڈ اور تکنیکی جانچ کی بنیاد پر ملزم کی شناخت شیواجی راٹھوڑ کے طور پر کی گئی۔ تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزم پونے سے فرار ہو کر ناگپور کی طرف جا رہا تھا، جس کے بعد اے ٹی ایس نے ناگپور ریلوے جنکشن پر جال بچھا کر اسے گرفتار کر لیا۔فی الحال اے ٹی ایس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ اس مبینہ سازش میں اور کون لوگ شامل ہیں اور آیا ملزم کے روابط کسی دہشت گرد تنظیم یا بیرونی نیٹ ورک سے تو نہیں جڑے ہوئے۔ سیکورٹی ایجنسیاں ملزم سے مسلسل پوچھ تاچھ کر رہی ہیں اور مختلف زاویوں سے معاملے کی تفتیش جاری ہے۔ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande