چندرناتھ قتل کیس میں بڑا انکشاف: جرم میں استعمال ہونے والی کار جھارکھنڈ سے لائی گئی تھی
کولکاتہ، 15 مئی (ہ س)۔ سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے مغربی بنگال کے وزیر اعلی شوبھیندو ادھیکاری کے ذاتی معاون چندر ناتھ رتھ کے قتل کی تحقیقات کے دوران اہم سراغ حاصل کیے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ قتل میں استعمال ہونے والی فور وہیلر جھ
چندرناتھ قتل کیس میں بڑا انکشاف: جرم میں استعمال ہونے والی کار جھارکھنڈ سے لائی گئی تھی


کولکاتہ، 15 مئی (ہ س)۔

سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے مغربی بنگال کے وزیر اعلی شوبھیندو ادھیکاری کے ذاتی معاون چندر ناتھ رتھ کے قتل کی تحقیقات کے دوران اہم سراغ حاصل کیے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ قتل میں استعمال ہونے والی فور وہیلر جھارکھنڈ سے لائی گئی تھی اور مغربی بنگال پہنچنے کے بعد اس کی نمبر پلیٹ تبدیل کی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق اس معاملے میں گرفتار تین ملزمین میں سے ایک مینک راج مشرا نے پوچھ تاچھ کے دوران اعتراف کیا ہے کہ جھارکھنڈ کے ایک شخص نے اسے جھارکھنڈ سے شمالی 24 پرگنہ ضلع کے باراسات تک گاڑی پہنچانے کا کام سونپا تھا۔ باراسات اس علاقے کے قریب ہے جہاں مدھیم گرام موڑ پر چندر ناتھ رتھ کا قتل کیا گیا تھا۔

تفتیشی ایجنسیوں کے مطابق، مینک نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے گاڑی کو جھارکھنڈ سے باراسات تک پہنچایا اور ایک ویران مقام پر نمبر پلیٹ بدل کر جعلی لگائی۔ مبینہ طور پر اصل لائسنس پلیٹ دارجلنگ ضلع کے سلی گڑی ریجنل ٹرانسپورٹ آفس میں رجسٹرڈ گاڑی کی تھی۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ مینک کو گاڑی کی فراہمی کے لیے ایک لاکھ روپے ادا کیے گئے تھے۔ باراسات میں گاڑی حوالے کرنے کے بعد وہ ہاوڑہ اسٹیشن پہنچا اور بکسر جانے والی ٹرین میں سوار ہوا، جہاں بعد میں اسے گرفتار کرلیا گیا۔

قابل ذکر ہے کہ اسمبلی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے دو دن بعد 6 مئی کی رات چندرناتھ رتھ کا قتل کر دیا گیا تھا۔ بی جے پی نے 207 اسمبلی سیٹیں جیتی ہیں، جب کہ ترنمول کانگریس 80 رہ گئی ہے۔

تحقیقات کے مطابق، رتھ 6 مئی کی رات ایک پارٹی پروگرام سے واپس آرہے تھے ۔ مدھیم گرام کے ایک چوراہے پر، جھارکھنڈ کی ایک گاڑی نے ان کی گاڑی کا راستہ روک دیا۔ اسی لمحے دو موٹر سائیکلوں میں سے ایک جو کافی دیر سے اس کی گاڑی کا پیچھا کر رہی تھی اس کی گاڑی کے قریب آکر رکی۔ موٹر سائیکل پر سوار حملہ آور نے قریب سے 10 گولیاں چلائیں۔

حملے میں چندر ناتھ رتھ کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ ان کا ڈرائیور بدھ دیب بیرا شدید زخمی ہو گیا۔ تاہم اب ان کی حالت بہتر بتائی جا رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ شو بھیند ادھیکاری نے اس واقعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر چندر ناتھ ان کا پرسنل اسسٹنٹ نہ ہوتا تو ان کا قتل نہ ہوتا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے بھوانی پور سیٹ پر سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو 15000 سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی تھی۔ اسی شکست کی وجہ سے ان کے ساتھی کو نشانہ بنایا گیا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande