
لداخ, 15 مئی (ہ س)۔ لداخ کے ضلع کرگل میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کے خلاف عوامی تحریک نشے کے خلاف کے عنوان سے ایک بڑی عوامی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا انعقاد کرگل کے مرکزی بازار میں کیا گیا، جس کا مقصد نوجوانوں کو منشیات کی لعنت سے بچانے اور معاشرے میں بیداری پیدا کرنا تھا۔ریلی میں طلبہ، سماجی کارکنان، مذہبی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے اراکین سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے منشیات کے خلاف نعرے بلند کرتے ہوئے نوجوان نسل کو اس برائی سے محفوظ رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر رکن پارلیمان لداخ حاجی محمد حنیفہ جان، ڈپٹی کمشنر کرگل راکیش کمار اور لداخ آٹونومس ہل ڈیولپمنٹ کونسل کرگل کے چیئرمین و چیف ایگزیکٹو کونسلر ڈاکٹر محمد جعفر اخون بھی موجود تھے۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ نوجوانوں میں منشیات کی بڑھتی لت ایک سنگین سماجی مسئلہ بنتی جا رہی ہے، جس کے خاتمے کے لیے والدین، اساتذہ، مذہبی رہنماؤں اور سماجی اداروں کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط بیداری مہمات اور اجتماعی کوششوں کے ذریعے ہی اس سماجی برائی کا خاتمہ ممکن ہے۔ریلی کے اختتام پر شرکاء نے منشیات سے پاک اور صحت مند کرگل کی تعمیر کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا عہد بھی کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر