(ترمیم شدہ) ای ڈی نے کولکاتہ پولیس کے ڈی سی پی شانتنو سنہا بسواس کو گرفتار کیا
کولکاتہ، 15 مئی (ہ س) ۔ مغربی بنگال میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جمعرات کو کولکاتہ پولیس کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی پی) شانتنو سنہا بسواس کو تقریباً ساڑھے 10 گھنٹے تک پوچھ گچھ کے بعد گرفتار کیا۔ یہ مقدمہ مبینہ طور پر مطلوب مجرم بسو جیت پود ار عر
(ترمیم شدہ) ای ڈی نے کولکاتہ پولیس کے ڈی سی پی شانتنو سنہا بسواس کو گرفتار کیا


کولکاتہ، 15 مئی (ہ س) ۔

مغربی بنگال میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جمعرات کو کولکاتہ پولیس کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی پی) شانتنو سنہا بسواس کو تقریباً ساڑھے 10 گھنٹے تک پوچھ گچھ کے بعد گرفتار کیا۔ یہ مقدمہ مبینہ طور پر مطلوب مجرم بسو جیت پود ار عرف سونا پپو اور تاجر جئے کامدار کے ذریعہ چلائے جانے والے مبینہ بھتہ خوری اور زمینوں پر قبضے کے ریکیٹ سے متعلق ہے۔ انہیں جمعہ کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

ای ڈی کے ایک اہلکار نے جمعہ کی صبح گرفتاری کی تصدیق کی اور کہا کہ شانتنو سنہا بسواس تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہے تھے، جس کی وجہ سے کارروائی کی گئی۔ ذرائع کے مطابق جمعرات کی صبح سے کولکاتہ کے سی جی او کمپلیکس میں واقع ای ڈی آفس میں ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی تھی۔ انہیں رات 10 بجے کے قریب تفتیش کے دوران معلومات چھپانے اور تفتیش میں تعاون نہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

ای ڈی نے پہلے انہیں پوچھ گچھ کے لیے کئی نوٹس بھیجے تھے۔ بسواس کو مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں ووٹنگ کے دوسرے مرحلے سے ایک دن قبل 28 اپریل کو بھی پیش ہونے کو کہا گیا تھا، لیکن وہ اس دن بھی پیش نہیں ہوئے۔ اس کی مسلسل غیر حاضری کے بعد، ایجنسی نے بدھ کو اس کے ٹھکانے کا پتہ لگانے کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی سے مدد طلب کی۔

واضح رہے کہ کولکاتہ پولیس کی جانب سے درج ایف آئی آر میں سونا پپو پر بھتہ خوری، ہنگامہ آرائی، قتل کی کوشش، مجرمانہ سازش اور آرمس ایکٹ سمیت کئی سنگین جرائم کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ای ڈی کا دعویٰ ہے کہ پودار اور اس کے ساتھی ایک منظم جرائم کا نیٹ ورک چلا رہے تھے جو کہ بھتہ خوری سمیت مختلف غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھا ۔

تحقیقات کے ایک حصے کے طور پر، ای ڈی نے گزشتہ ماہ شانتنو سنہا بسواس کی بالی گنج رہائش گاہ اور فرن روڈ فلیٹ پر چھاپہ مارا تھا۔ اس کے علاوہ بہالہ میں تاجر جئے کامدار سے منسلک احاطے کی بھی تلاشی لی گئی۔ حکام کے مطابق چھاپوں کے دوران کئی اہم دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔

یکم اپریل کو ای ڈی کی تلاشی کے دوران 1.47 کروڑ روپے کی نقدی، 67 لاکھ روپے سے زیادہ کا سونا اور چاندی اور ایک دیسی ساختہ ریوالور ضبط کیا گیا تھا۔ بسواجیت پودار عرف سونا پپو فی الحال مفرور ہے۔ وہ جنوبی کولکاتہ کے گولپارک علاقے میں ہونے والے پرتشدد واقعے کے سلسلے میں بھی مطلوب ہے۔ متعدد سمن کے باوجود وہ تفتیش میں شامل نہیں ہوا۔

غور طلب ہے کہ شانتنو سنہا بسواس پہلے کالی گھاٹ پولیس اسٹیشن کے انچارج کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ غیر قانونی کوئلہ کانکنی کیس کے سلسلے میں ای ڈی کی تحقیقات میں پہلے بھی ان کا نام لیا جا چکا ہے۔ نجی میڈیکل کالجوں بالخصوص کے پی سی میڈیکل کالج میں این آر آئی کوٹہ داخلوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے سلسلے میں بھی ان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande