ممتا بنرجی کی قریبی رہ چکیں نندنی چکرورتی کو شبھیندو حکومت میں اہم ذمہ داری ملی
کولکاتا، 14 مئی (ہ س)۔ مغربی بنگال کی سابق چیف سکریٹری نندنی چکرورتی کو وزیر اعلی شبھیندو ادھیکاری کی زیر قیادت نئی ریاستی حکومت میں اہم ذمہ داری دی گئی ہے۔ اسمبلی انتخابات کے اعلان کے بعد الیکشن کمیشن کے ذریعہ عہدے سے ہٹائی گئی چکرورتی کو اب وزیر
WB-Nandini-Chakraborty-Suvendu-Government-Mamata-C


کولکاتا، 14 مئی (ہ س)۔ مغربی بنگال کی سابق چیف سکریٹری نندنی چکرورتی کو وزیر اعلی شبھیندو ادھیکاری کی زیر قیادت نئی ریاستی حکومت میں اہم ذمہ داری دی گئی ہے۔ اسمبلی انتخابات کے اعلان کے بعد الیکشن کمیشن کے ذریعہ عہدے سے ہٹائی گئی چکرورتی کو اب وزیر اعلی کے دفتر کے تحت ”پرنسپل کوآرڈینیٹر آف ڈیولپمنٹ ورکس“ کی اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

نئی حکومت کے ذرائع کے مطابق، نندنی چکرورتی کو ہندوستان-بنگلہ دیش بین الاقوامی سرحد پر باڑ لگانے کے لیے بارڈر سیکورٹی فورس کو زمین کی منتقلی کے عمل کی نگرانی کا کام سونپا گیا ہے۔ نئی ریاستی کابینہ نے 11 مئی کو اپنی پہلی میٹنگ میں اگلے 45 دنوں کے اندر اس عمل کو مکمل کرنے کی تجویز منظور کی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ انتظامی تجربے کے ساتھ اور محکمہ داخلہ سمیت کئی اہم محکموں میں خدمات انجام دے چکی نندنی چکرورتی کو اس ذمہ داری کے لیے موزوں سمجھا گیا ہے۔ وہ مرکز کی مالی معاونت سے چلنے والے ترقیاتیپروجیکٹوں کے نفاذ کی بھی نگرانی کریں گی۔

انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس کی مغربی بنگال کیڈر کی افسر نندنی چکرورتی نے ریاست کی پہلی خاتون چیف سکریٹری کے طور پر خدمات انجام دیں۔ تاہم، ان کی مدت مختصر رہی۔ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کی جانب سے اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرنے کے چند گھنٹے بعد 15 مارچ کو الیکشن کمیشن نے انہیں عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

نندنی چکرورتی کو سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا تھا۔ انہوں نے ریاست کی ہوم سکریٹری، محکمہ اطلاعات و ثقافت کی سکریٹری اور مغربی بنگال کے سابق گورنر سی وی آنند بوس کی سکریٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔

پولیٹیکل سائنس کی گریجویٹ نندنی چکرورتی نے کولکاتا میں لیڈی بریبورن کالج اور جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی۔ جنوری 2026 میں، کئی اعلیٰ عہدیداروں کی سنیارٹی کو نظرانداز کرتے ہوئے انہیں چیف سکریٹری مقرر کیا گیا تھا،جس کی وجہ سے کافی تنازعہ ہواتھا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande