مغربی بنگال: آسنسول کوئلہ کان میں ایئربلاسٹ، 40 سے زائد مزدور زخمی
کولکاتا، 14 مئی (ہ س)۔ مغربی بنگال کے آسنسول میں ایسٹرن کول فیلڈز لمیٹڈ (ای سی ایل) کے کنستوریا علاقے میں پرشیہ کولیری کی زیر زمین کان میں ایک تباہ کن ایئربلاسٹ ہوا۔ حادثے میں 40 سے زائد مزدور شدید زخمی ہوگئے، جب کہ ایک مزدور جاں بحق ہوگیا۔ تاہم،
کان


کولکاتا، 14 مئی (ہ س)۔

مغربی بنگال کے آسنسول میں ایسٹرن کول فیلڈز لمیٹڈ (ای سی ایل) کے کنستوریا علاقے میں پرشیہ کولیری کی زیر زمین کان میں ایک تباہ کن ایئربلاسٹ ہوا۔ حادثے میں 40 سے زائد مزدور شدید زخمی ہوگئے، جب کہ ایک مزدور جاں بحق ہوگیا۔ تاہم، کان کی انتظامیہ نے تحریری طور پر واقعے کی تصدیق نہیں کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق بدھ کی صبح پہلی شفٹ کے دوران مزدور کان نمبر 27 میں کوئلہ کاٹ رہے تھے کہ صبح ساڑھے دس بجے کے قریب اچانک کان کی ایک تہہ سے زور دار ایئربلاسٹ ہوا جس سے اندر ہوا کا زبردست دباو پیدا ہو گیا۔ دھماکے سے کارکن دور دور تک جا گرے، اور متعدد افراد شدید زخمی ہو گئے۔ اس وقت کان میں دو افسران سمیت تقریباً 20سے25 مزدور موجود تھے۔

ایئربلاسٹ ایک انتہائی خطرناک واقعہ ہے، بنیادی طور پر زیر زمین کوئلے کی کانوں میں چھت گرنے کی وجہ سے ہوتا ہے۔ اس واقعے میں خالی جگہ میںپھنسی ہوئی ہوا اچانک زبردست دباو میں باہرنکلتی ہے، جس سے کان کنی کرنے والے زخمی یا ہلاک ہوسکتے ہیں اور مشینری کو تباہ کر سکتے ہیں۔

عینی شاہد کارکن راکیش کرمی نے بتایا کہ صبح تقریباً:30 10 بجے اچانک زور دار دھماکہ محسوس ہوا۔ اچانک ہوا کا زور دار دباو بن گیا اور وہاں موجود ہر شخص نیچے گر گیا۔ اس سے پہلے کہ کوئی کچھ سمجھ پاتا پورا علاقہ گرد و غبار اور دھوئیں سے بھر گیا۔ اس وقت وہاں تقریباً 20سے25 لوگ کام کر رہے تھے جن میں دو افسران بھی شامل تھے۔ حادثے سے کان کے اندر خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی وہاں موجود افسران اور ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر راحت اور بچاو کام شروع کیا۔ زخمیوں کو نکال کر رانی گنج کے بانسڑا ایریا اسپتال اور دیگر ای سی ایل اسپتالوں اور درگا پور کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمیوں میں کئی کنٹراکٹ مزدوروں کے ساتھ ساتھ کولیری کے ایڈیشنل منیجر دلیپ کمار بھی شامل ہیں۔ اس واقعے نے کان کے حفاظتی انتظامات پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

ادھر مزدور یونینوں نے حادثے کے خلاف احتجاج شروع کر دیا ہے۔ ان کا الزام ہے کہ یہ حادثہ کان انتظامیہ کی لاپرواہی اور مناسب حفاظتی اقدامات کی کمی کی وجہ سے پیش آیا۔ انہوں نے اعلیٰ سطحی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

فی الحال انتظامیہ اور کان انتظامیہ نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اس واقعہ سے کارکنوں میں شدید غم و غصہ اور خوف کی لہر دوڑ گئی ہے۔

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande