




ایم پی کے دیواس میں پٹاخہ فیکٹری میں دھماکے کے بعد بھیانک آگ لگی، تین کی موت، 25 مزدور زخمی
۔ فیکٹری کو سیل کر دیا گیا، مالک حراست میں
دیواس، 14 مئی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے دیواس ضلع ہیڈ کوارٹر سے قریب 20 کلومیٹر دور آگرہ-ممبئی نیشنل ہائی وے پر موضع ٹونک کلا کے قریب واقع ایک پٹاخہ فیکٹری میں جمعرات کو زوردار دھماکہ ہونے کے بعد بھیانک آگ لگ گئی۔ اس حادثے میں تین مزدوروں کی موت ہو گئی، جبکہ 25 زخمی ہیں۔ واقعے کے بعد انتظامیہ نے فیکٹری کو سیل کر دیا ہے، جبکہ پولیس نے فیکٹری مالک انیل مالویہ کو حراست میں لے لیا ہے۔ وزیراعلیٰ موہن یادو نے حادثے پر دکھ کا اظہار کیا اور واقعے کی جانچ کے احکامات دیے ہیں۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ موضع ٹونک کلاں میں واقع پٹاخہ فیکٹری میں جمعرات کی صبح تقریباً 10.30 بجے دو کیمیکل ملا کر بارود بنایا جا رہا تھا۔ اسی دوران کیمیکل کی مقدار صحیح نہ ملنے سے دھماکہ ہو گیا۔ اس کے بعد فیکٹری میں بھیانک آگ لگ گئی۔ آگ تیزی سے پھیلنے لگی، جس سے اندر موجود مزدوروں کو باہر نکلنے کا موقع تک نہیں ملا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ، پولیس اور راحت و بچاو ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر ایمبولینس اور دیگر گاڑیوں سے ضلع اسپتال پہنچایا گیا۔
ضلع انتظامیہ نے حادثے میں تین مزدوروں کی موت کی تصدیق کی ہے۔ مرنے والوں کے نام دھیرج، سنی اور سومت بتائے گئے ہیں۔ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ شدید طور پر جھلسے ہوئے مزدوروں کو اندور کے ٹی چوئی تھرام اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ وہیں تین زخمیوں کا علاج ایم وائی اسپتال میں چل رہا ہے، جبکہ کچھ مریضوں کو اربندو اسپتال ریفر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تقریباً نو زخمی دیواس کے املتاس اسپتال میں داخل ہیں۔ زخمیوں میں پانچ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
حادثے کے بعد فارنسک ٹیم موقع پر پہنچی اور جائے وقوعہ سے شواہد اور کیمیکل کے نمونے جمع کیے، جن کی جانچ کی جا رہی ہے۔ معاملے کی جانچ کے لیے ماہر ڈاکٹر رشمی بھی موقع پر پہنچیں۔ انہوں نے جائے وقوعہ کا معائنہ کر کے تکنیکی پہلووں کی معلومات جمع کیں۔ فی الحال پورے معاملے کی سائنسی طریقے سے جانچ جاری ہے۔ واقعے کے بعد انتظامیہ نے پٹاخہ فیکٹری کو سیل کر دیا ہے۔ موقع پر پولیس فورس اور جانچ ٹیم تعینات ہے۔
دیواس کلکٹر رتوراج سنگھ نے بتایا کہ یہ فیکٹری انیل مالویہ نامی شخص کی ہے۔ یہاں قریب 15 دن پہلے ہی چھوٹے پٹاخے بنانے کا کام شروع کیا گیا تھا اور فیکٹری کے نام لائسنس بھی جاری کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ فیکٹری میں ہوئے حادثے کی تفصیلی جانچ کی جا رہی ہے۔ ڈویژنل کمشنر آشیش سنگھ بھی موقع پر پہنچے اور معاملے کی معلومات لی۔ اس کے بعد انہوں نے دیواس اور اندور کے اسپتالوں میں پہنچ کر زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور مناسب علاج کی ہدایات دیں۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے حادثے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے میں کئی لوگوں کے ہلاک ہونے کی خبر دل خراش ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کے انچارج اور نائب وزیراعلیٰ جگدیش دیوڑا، سکریٹری داخلہ اور سینئر افسران کو جائے وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ واقعے کی جانچ کے احکامات بھی دیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے مرنے والوں کے لواحقین کو ریاستی حکومت کی جانب سے 4-4 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کرنے اور زخمیوں کا مفت علاج کرنے کی ہدایات دی ہیں۔
انہوں نے حادثے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے ایشور سے پرارتھنا کی ہے۔ ساتھ ہی بابا مہاکال سے آنجہانیوں کی روح کے سکون اور سوگوار لواحقین کو یہ دکھ برداشت کرنے کی ہمت عطا کرنے کی پرارتھنا کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن